جدید آلات سے لیس بم پروف 15بکتربندگاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

آپریشن کےدوران لیاری گینگ وارکے ملزمان کی جانب سےفائرکی جانیوالی گولیاں 10سے زائد بکتربندگاڑیوں کے پار ہوگئیں تھیں.

آپریشن کے دوران لیاری گینگ وارکے ملزمان کی جانب سے فائرکی جانیوالی گولیاں 10سے زائد بکتر بندگاڑیوں کے پار ہوگئیں تھیں. فوٹو: فائل

کراچی میں قیام امن کیلیے سندھ پولیس نے جدید بلٹ و بم پروف اور جدید آلات سے لیس15 بکتر بند گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بکتر بند گاڑیوں کی خریداری پر20 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی منظوری کے بعد سندھ پولیس آئندہ 2 ماہ میں یہ بکتر بند گاڑیاں خریدے گی، ذرائع کے مطابق سندھ پولیس نے کراچی میں امن و امان کی حالیہ صورتحال کے باعث موجودہ بکتر بندگاڑیوں کی جگہ جدید بلٹ و بم پروف اور دیگر آلات سے لیس 15 بکتر بند گاڑیاں خریدنے کے لیے سمری مرتب کرکے محکمہ داخلہ کے توسط سے وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیج دی ہے۔


ذرائع کے مطابق اس سمری میں درخواست کی گئی ہے کہ نئی بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کے لیے 20 کروڑ روپے جاری کیے جائیں، واضح رہے کہ پولیس کی 10 سے زائد بکتر بند گاڑیاں لیاری آپریشن میں ناکارہ ہوگئی تھیں۔



لیاری گینگ وار کے ملزمان کی جانب سے فائر کی جانے والی گولیاں بکتر بند گاڑیوں کے پار ہوگئیں تھیں اور بکتر بند پر جگہ جگہ گولیوں کے سوراخ دکھائی دیتے تھے جس کے بعد پولیس نے تباہ ہونے والی بکتر بند گاڑیوں کے حوالے سے ہیوی مکینکل کمپلیکس ٹیکسلا سے رجوع کیا اور بعدازاں ماہرین کی ایک ٹیم نے گارڈن سی آئی ڈی کے دفتر میں کھڑی ہوئی بکتر بند گاڑیوں کا معائنہ کیا اورانھیں دوبارہ محفوظ بنانے کے لیے اپنے ہمراہ لے گئے تھے ، ذرائع کے مطابق پولیس کے لیے خریدی جانے والی نئی بکتر بند گاڑیاں 20 مارچ سے قبل حاصل کرلی جائیں گی۔
Load Next Story