فحاشی کے اڈے سے 2افراد گرفتار اسلحہ اور پولیس یونیفارم برآمد ایس ایچ او معطل

نارتھ کراچی میں فحاشی کےاڈےسےشبنم اوراسکا بیٹاگرفتاروجیہہ کیخلاف اسلحہ ایکٹ اورپولیس یونیفارم کےاستعمال پر مقدمات درج.

ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم نے اڈے کی سرپرستی پر بلاغت حسین کو معطل کرکے تنزلی کردی،اڈے سے پولیس4 لاکھ روپے بھتہ لیتی تھی. فوٹو : فائل

پولیس نے نارتھ کراچی میں فحاشی کے اڈے پر چھاپہ مار کر ایک خاتون اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر کے اسلحہ اور پولیس یونیفارم برآمد کرلیا۔

جبکہ اڈے کی سرپرستی کے الزام میں ایس ایچ او سرسید ٹاؤن کو معطل کر کے تنزلی کر کے انسپکٹر سے سب انسپکٹر بنا دیا، تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ جاوید عالم اوڈھو کی ہدایت پر سرسید ٹاؤن تھانے کے سب انسپکٹر غلام محمد نے پولیس پارٹی کے ہمراہ نارتھ کراچی ایدھی ہوم کے قریب عمر پلازہ کے ایک فلیٹ میں چھاپہ مار کر وجیہہ الدین ولد بشیر الدین اور اس کی والدہ شبنم کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور فلیٹ سے پولیس کی یونیفارم برآمد کر لی گرفتار ملزم وجیہہ کے خلاف اسلحہ ایکٹ کے تحت ایف آئی آر نمبر 24/13 اور پولیس کی یونیفارم استعمال کرنے کی دفعا ت 174/171 کے تحت ایف آئی آر نمبر25/13 درج کر لی۔




گرفتار ملزمہ شبنم کے خلاف فحاشی کا اڈا چلانے کی دفعات 292 کے تحت ایف آئی آر نمبر26/13 درج کی گئی ہے ، ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے شبنم کے اڈے کی سرپرستی کرنے کے الزام میں ایس ایچ او سرسید ٹاؤن انسپکٹر بلاغت حسین کو معطل کر دیا اور ان کی تنزلی کر کے سب انسپکٹر بنا کر ان کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیا ہے جبکہ سب انسپکٹر قطب الدین کو سرسید ٹاؤن تھانے کا عارضی ایس ایچ او بنا دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ شبنم گزشتہ کئی سالوں سے مذکورہ اپارٹمنٹ میں فحاشی کا اڈا چلا رہی تھی جس کی علاقہ نیو کراچی ٹاؤن پولیس سرپرستی کر رہی تھی ، ڈی آئی جی ویسٹ کو اطلاع ملی تھی کہ اڈے سے ایس پی نیو کراچی اور ایس ایچ او سرسید ٹاؤن کو مبینہ طور پر4 لاکھ روپے بھتہ جا رہا ہے اور فلیٹ میں غیر متعلقہ خواتین اور مردوں کی 24 گھنٹے آمدورفت رہتی ہے۔
Load Next Story