شہر کے کشیدہ حالاتخانہ شماری کا کام مکمل نہ ہوسکا

خانہ شماری کا 80فیصدکام مکمل کرلیا گیا ہے،صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور.

خانہ شماری کا 80فیصدکام مکمل کرلیا گیا ہے،صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور. فوٹو: فائل

کراچی میں مختلف واقعات کے ردعمل میں پانچ روزہ ہڑتال وسوگ کے باعث ابھی تک الیکشن کمیشن کی جانب سے خانہ شماری کا کام مکمل نہیں کیا جاسکا ہے جبکہ انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا عمل بھی سست روی کا شکار ہے۔

اورنگی ٹائون میں ہفتہ کو بھی خانہ شماری کا کام شدید متاثر رہا جبکہ ضلع غربی سمیت دیگر اضلاع کے علاقوں میں خانہ شماری وانتخابی فہرستوں کی نظرثانی مہم حسب معمول جاری رہی، ضلع شرقی اور ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کے مکینوں نے شکایات درج کرائی ہیں کہ الیکشن کمیشن کا عملہ ابھی تک ان کے علاقوں میں نہیں پہنچا ہے، پانچوں اضلاع میں صرف ضلع وسطی میں خانہ شماری کا کام مکمل ہوا ہے، شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا عمل بروقت مکمل ہوتا نظر نہیں آرہا ہے تاہم صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر خانہ شماری کا کام 80فیصد مکمل کرلیا گیا ہے۔

جبکہ گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کام عمل بھی تندہی سے جاری ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ یہ کام مقررہ وقت یکم فروری تک مکمل کرلیا جائے بصورت دیگر تاریخ میں توسیع کی جائیگی، تفصیلات کے مطابق سانحہ کوئٹہ، سپریم کورٹ کی جانب سے وزیر اعظم کی گرفتاری کے ردعمل اور ایم کیوایم کے رکن صوبائی اسمبلی منظر امام کے قتل کے سوگ میں تقریباً پانچ روز تک شہری سرگرمیاں معطل رہیں اور الیکشن کمیشن کا کام شدید متاثر رہا، شیڈول کے مطابق خانہ شماری کا کام 10جنوری تا 14جنوری اور گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا عمل 15جنوری تا یکم فروری مکمل کیا جانا تھا تاہم شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث خانہ شماری کا کام بھی بروقت مکمل نہ کیا جاسکا۔

 




جبکہ انتخابی فہرستوں کا عمل بھی سست روی کا شکار ہے، ضلع شرقی اور ضلع جنوبی کے پرامن علاقوں پی ای سی ایچ ایس ، ڈیفنس اور دیگر مقامات میں رہائش پذیر شہریوں نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ ابھی تک تصدیق کنندگان نے ہمارے گھروں پر خانہ شماری نمبر درج نہیں کیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ بیشتر علاقوں میں حالات کی خرابی کی وجہ سے کام متاثر ہوا ہے جبکہ دیگر علاقوں میں تصدیق کنندگان کی غفلت کے باعث بھی خانہ شماری کا کام سست روی کا شکار ہے، ضلعی الیکشن کمشنر وسطی ندیم حیدر نے بتایا کہ ضلع وسطی میں خانہ شماری کا کام دو دون قبل مکمل کرلیا گیا تھا جبکہ گھر گھر ووٹرز لسٹوں کا 12فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

ضلعی الیکشن کمشنر ملیر نوید عزیز نے بتایا کہ ضلع ملیر میں خانہ شماری کا 90فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے اور اتوار کو خانہ شماری کاکام مکمل کرلیا جائیگا ، انھوں نے کہاکہ انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا کام بھی جاری ہے، ضلع غربی میں خانہ شماری کا 90فیصد جبکہ انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا 8فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے، جمعرات کو اورنگی ٹائون میں ایم کیوایم کے رکن صوبائی اسمبلی منظر امام کے قتل کے باعث ہفتہ کو بھی اورنگی کے مختلف حصوں میںکشیدگی رہی اور خانہ شماری کا کام شدید متاثر رہا۔

ذرائع نے بتایا کہ شہر کی خراب صورتحال اور تصدیق کنندگان کی سست روی کے باعث خانہ شماری وانتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا کام شدید متاثر ہے اور شیڈول کے مطابق مہم کے تکمیل مشکل نظر آتی ہے، صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور نے کہا ہے کہ عملہ تندہی سے کام کررہا ہے، مہم کی تکمیل میں ابھی 12روز باقی ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ یکم فروری تک انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا عمل مکمل کرلیا جائے، انھوں نے کہاکہ اگر ضرورت پڑتی تو تاریخ میں توسیع کی جاسکتی ہے۔
Load Next Story