الجیریا میں فوجی آپریشن، 20سے زائد یرغمالی اور 18اغوا کار ہلاک

الجزائر / واشنگٹن: الجیریا میں القاعدہ کے حامی دھڑے’’اسلام ان مغرب‘‘کے گیس فیلڈ پرحملے میں یرغمال بنائے گئے7امریکیوں سمیت100کارکنوں کی رہائی کی کوششوں کے سلسلے میں فوجی آپریشن میں20سے زائد یرغمالی اور 18 اغوا کارہلاک ہوگئے۔

قبل ازیں القاعدہ کے حامی دھڑے نے  یرغمالیوں کے بدلے میں امریکا میں قیدپاکستانی نژاد ڈاکٹرعافیہ صدیقی اور مصری نژاد عمرعبدالرحمن کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔الجیرین ذرائع ابلاغ نے غیرملکیوں کی ہلاکت  کے بارے میں تفصیلات دیے بغیرکہا ہے کہ 18  اغوا  ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ہلاک شدگان میں 20 سے زائد الجیرین اورغیرملکی کارکن شامل  ہیں۔موریطانیہ کی  خبر رساں  ایجنسی نے اغوا کار کے حوالے سے بتایا کہ گیس فیلڈ میں ابھی بھی سات غیرملکی مغوی اغوا کاروں کی تحویل میں ہیں۔ جن میں تین بیلجیئن ‘ 2 امریکن ‘ ایک جاپانی اور ایک برطانوی شہری شامل ہے۔

امریکا، برطانیہ اور فرانس نے الجیریا گیس فیلڈ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ یرغمالیوں میں امریکی باشندے بھی شامل ہیں۔ فرانسیسی صدر فرانسوں اولاں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ الجیرین حکام سے مسلسل رابطے  میں ہیں۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس حوالے سے القاعدہ کے رہنما مختاربن مختار کی جانب سے میڈیا میں ایک ویڈیو بھی تقسیم کی جائے گی جس میں تجاویزدی گئی ہیں کہ الجیریا اور فرانس اس بات پر بھی ہم سے مذاکرت کریں کہ وہ مالی کے شمالی علاقوں میں جہادیوں کے خلاف کارروائی بند کرے تاہم الجیرین حکومت مذاکرات سے پہلے ہی انکار کرچکی ہے۔