کراچی میں سردی برقراراسلام آباد کا درجہ حرارت صفر

پنجاب میںدھند،ٹریفک،پروازیں متاثر،کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقاروانگی میں تاخیر

کالام میں ٹمپریچرمنفی13تک گرگیا،عطاآبادجھیل میں کشتی سروس بند،مری میںرش۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی میں سردی کی شدت بدستور قائم ہے، اتوار کو کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی میں سردی کی موجودہ لہر پیر کو بھی برقرار رہیگی تاہم درجہ حرارت 9 سے11 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ پیر کو دن میں موسم خشک اور سرد جبکہ رات کو سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ مری، آزادکشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر برفباری نے میدانی علاقوں میں بھی سردی میں اضافہ کر دیا ہے۔




محکمۂ موسمیات کے مطابق سردی کی شدت مزید چند روز برقرار رہ سکتی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوںکے دوران ملک کے اکثر علاقوں میںموسم شدید سرد اور خشک رہیگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی 13ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ اسلام آباد میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ پنجاب میںشدید دھند کے باعث لاہور ایئر پورٹ اور موٹر وے کئی گھنٹے بندرہے جس کے باعث پروازوں کو معطل کردیاگیا۔ جنوبی افریقا جانے والی قومی کرکٹ ٹیم کی روانگی بھی تاخیر کاشکار ہوئی۔

ادھرمری میں سردی اور برف سے لطف اندوز ہونے کیلیے بڑی تعداد میں سیاح پہنچ رہے ہیں۔ دوسری طرف ہنزہ میں عطا آبادجھیل جم جانے کے باعث 6 روز سے کشتی سروس معطل ہے۔آن لائن کے مطابق باغ آزاد کشمیر میں شدید بر ف باری سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ثنا نیوزکے مطابق پشاور میں گزشتہ 5 روز سے موسم صاف ہے تاہم موسم سرد اور خشک ہے۔
Load Next Story