بھارت کی آیندہ نسلوں کے ساتھ ناانصافی

خطے میں یک طرفہ اقتصادی و تزویراتی بالادستی کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا

خطے میں یک طرفہ اقتصادی و تزویراتی بالادستی کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ۔ فوٹو : فائل

بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فوج نے اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں گشت کرنے والی فوجی پارٹی پر حملہ کر کے 2 فوجیوں کو ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاشیں مسخ کر دی ہیں تاہم پاکستانی فوج نے ان دعوؤں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور کہا ہے کہ اس نے ایل او سی کے پار کوئی کارروائی نہیں کی ، پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستان کی فوج ایک پیشہ ور فوج ہے اور کسی بھی فوجی کی چاہے وہ بھارتی ہی کیوں نہ ہو، بے حرمتی نہیں کرے گی لہٰذا بھارتی سپاہیوں کی لاشوں کے عضو کاٹنے کا بھارتی الزام بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ تاہم بی جے پی کے رہنماؤں نے مسخ شدہ لاشوں کا سہارا لیتے ہوئے پاکستانی قوم کو دہشتگرد قراردیا اور اس واقعے کو سیاق وسباق سے ہٹا کر بیان کیا گیا۔دوسری طرف بھارتی حکومت نے ایل او سی پر اسمارٹ باڑ لگانے حکم دیا ہے۔

بھارتی میڈیا پر گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل اس بات کا پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات اپنی تاریخ کے تحت الثریٰ تک پہنچے ہیں تاہم خوئے بد را بہانہ بسیار کے مطابق بھارت جامع مذاکرات کو معطل کرنے کی دانستہ کوششوں کو اپنے خبث باطن میں چھپاتے ہوئے ہمیشہ پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتا اور یہ گمراہ کن تاثر دیتاآیا ہے جیسے دوطرفہ بات کی خواہش ، امنگ یا تمنا صرف بھارت کے دل میں مچلتی ہے اور پاکستان مذاکرات کے معاملے پر سنجیدہ نہیں اور اسی تناظر میں بھارتی حکومت ایل او سی سمیت مقبوضہ کشمیر اور پاک بھارت دیرینہ تنازعات کے تصفیے میں اپنے مکر و فریب کا سفارتی ڈھنڈورہ پیٹتا رہتا ہے مگر عالمی برادری سمیت دنیا کے تمام جمہوری ملکوں کو اب اس حقیقت کا علم ہوچکا ہے کہ مودی سرکار نے کشمیر میں ظلم ڈھا رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے رکن ممالک بھارتی بربریت کے شواہد اپنی آنکھوں سے دیکھ چکے، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر خطے میں بھارتی جنگی جنون انتہا کو پہنچا ہوا ہے اور شاید اسی جنگجویانہ مہم جوئی کی آڑ میں اس نے دو بھارتی فوجیوں کی مسخ شدہ لاشوں سے کشیدگی کو مہمیز کرنے کی گھناؤنی حرکت کی ہے، اسی نوعیت کے الزامات بھارتی فوج پہلے بھی لگاتی رہی ہے ، پاک فوج نے ان بیہودہ الزامات کو رد کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاک فوج ایسا غیر پیشہ ورانہ طرز عمل روا رکھنے کا تصور بھی نہیں کرسکتی، بھارتی نیتاؤں کو معلوم ہونا چاہیے جنگی صورتحال کی بھی ایک عسکری اخلاقیات ہوتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کے مطابق پاک فوج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی نہیں کی، بھارتی الزام غلط ہے، بھارتی فوجیوں کی لاشیں مسخ کرنے کا بھارتی الزام بھی غلط ہے ، ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر دراندازی کے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر پاکستانی دراندازی کے بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں، یہ بھارت کی جانب سے اندرونی سیاسی مقاصد کے لیے کشیدگی کو بھڑکانے کی ناپسندیدہ کوشش ہے۔


ادھر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے دو روزہ دورہ بھارت کے پہلے روزجو اہم بات کہی وہ تقریباً ثالثی کے پیرائے میں ترکی کے نو منتخب صدر کا مودی کو صائب مشورہ تھا ، ان کا کہنا تھا کہ تنازعات کو طول دینا اور انھیں مستقبل میں لے جانا آیندہ نسلوں کے ساتھ ناانصافی ہو گی ، مزید لاشیں نہ گرنے دیں، کیونکہ اس کی قیمت انھیں چکانا پڑے گی مگر بھارتی میڈیا ترک صدر طیب اردوان کی پاک بھارت مذاکرات میں مددکی پیش کش پر چراغ پا ہوگیا۔

بھارتی میڈیا نے مہمان ترک صدر سے گفتگو میں مقبوضہ کشمیر اور کرد باغیوں کے معاملے کو ملانے کی ناکام کوشش بھی کی جب کہ بھارت کے روزنامہ ''اردو ٹائمز'' نے لکھا کہ اردوان کو تجارتی معاہدوں سے پہلے کشمیریوں کا دکھ یاد آیا کہ مسلمانوں کا خون ناحق بہہ رہا ہے۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں امید ظاہر کی ترک صدر رجب طیب اردوان جنوبی ایشیا کے خطے میں پچھلے کئی دہائیوں سے جاری بے چینی اور سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر شاہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کے صدر اور پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بیانات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خاموشی توڑ کر اپنی ذمے داریاںپوری کرے گی۔ طیب اردوان کے بیان سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

خطے میں یک طرفہ اقتصادی و تزویراتی بالادستی کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، مہلک جنگی ہتھیاروں کے انبار لگانے، ہمسایہ ملکوں کے داخلی معاملات میں مداخلت اور دہشتگردانہ ایجنڈہ کی تکمیل کے لیے ایک اندھی دوڑ میں مصروف بھارت الزام تراشی اور جھوٹے فسانے سنا کر اپنی سادگی اور بیگناہی کا ناٹک نہیں رچا سکتا۔کشمیر میں ظلم و بربریت کے انسانیت سوز واقعات سے بھارتی سیکولرزم اور جمہوریت کا پردہ چاک ہوچکا۔
Load Next Story