ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست

دوسرے ٹیسٹ میں گو پاکستان کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی ساری ٹیم 81رنز پر آؤٹ ہو گئی

ویسٹ انڈیز نے جارج ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 106رنز سے شکست دے دی۔یوں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے اور اب تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں سیریز کے فاتح کا فیصلہ ہو گا۔

پہلا ٹیسٹ پاکستان نے جیتا تھا 'اس ٹیسٹ میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے بیٹنگ 'باؤلنگ اور فیلڈنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پچ بھی سپوٹنگ تھی جس سے فاسٹ باؤلروں اور اسپن بولرز نے فائدہ اٹھایا جب کہ جس بیٹسمین نے ذمے داری سے کھیلا اس نے رنز بھی بنائے۔


دوسرے ٹیسٹ میں گو پاکستان کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی ساری ٹیم 81رنز پر آؤٹ ہو گئی جو اس کا تاریخ کا دسواں کم ترین اسکور تھا۔ اس میچ میں پاکستانی بیٹسمین چوتھی اننگز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر سکے بلکہ پاکستانی بیٹسمین پہلی اننگز میں اچھی لیڈ لے جاتے تو شاید میچ کا نقشہ کچھ اور ہوتا۔ لیکن اس کے علاوہ اس میچ کی سب سے اہم بات پچ کا انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کے مطابق نہ ہونا ہے۔

میچ کے آخری روز پچ اس قدر خراب ہو گئی تھی کہ اس پر بلے بازی کرنا تقریباً نا ممکن ہو گیا تھا۔ ایسی پچ کرکٹ کے کھیل کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ آئی سی سی اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو اس پہلو پر لازمی غور کرنا چاہیے۔
Load Next Story