مصباح الحق ناکام ترین ایشین کپتانوں کی صف میں شامل

سب سے زیادہ ناکامیوں کے شکارقائدین کی ٹاپ 10فہرست میں بھی شمولیت

پاکستانی بیٹسمین نے19ویں شکست کے ساتھ رانا ٹنگا اور پٹودی کو جوائن کرلیا۔ فوٹو: فائل

مصباح الحق ایشیا کے ناکام ترین کپتانوں کی صف میں شامل ہوگئے۔

پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق نے 2010ء میں عہدہ سنبھالا تھا، اس سفر کے دوران انھوں نے فتوحات میں عمران خان کو پیچھے چھوڑا،ملک کیلیے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں کپتانی کرنے والے پلیئر بھی بنے، وہ سب سے زیادہ 7سال قیادت کر نے والے پاکستانی بھی ہیں۔


اس تصویر کا دوسرا رخ بھی ہے، برج ٹاؤن، بارباڈوس میں میزبان ویسٹ انڈیز نے فتح حاصل کی تو مصباح الحق کی بطور کپتان 55 ٹیسٹ میچز میں یہ 19 ویں شکست تھی، یوں وہ سب سے زیادہ ناکامیوں سے دوچار ہونے والے کپتانوں کی ٹاپ 10فہرست میں شامل ہو گئے، ایشیا میں سب سے شکستوں کا سامنا کرنے والے کپتانوں میں مصباح الحق نے سری لنکن ارجنا رانا ٹنگا اور بھارتی نواب منصور علی خان پٹودی کو جوائن کرلیا ہے۔

علاوہ ازیں پٹودی نے بطور کپتان 40 ٹیسٹ میں سے 9 جیتے اور 19ہارے، رانا ٹنگا 60 ٹیسٹ میں 27 فتوحات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، 19 میں مات ہوئی جبکہ مصباح الحق 55 ٹیسٹ کھیلے، 25 جیتے اور 19میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔یاد رہے کہ ڈومینکا میں پاکستانی کپتان اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔
Load Next Story