کچھوے کی چال قومی ٹیم کو منزل سے بھٹکانے لگی

ویسٹ انڈیزسے تیسرا ٹیسٹ جیت کرتاریخ رقم کرنے کیلیے اندازمیں تبدیلی ضروری قرار دے دی گئی،تبدیلیوں کی بازگشت

شان مسعود کی واپسی متوقع،غیر متاثر کن ڈیبیونے شاداب کی پوزیشن خطرے میں ڈال دی، پاکستانی پلیئرزکی بھرپور پریکٹس۔ فوٹو : اے ایف پی

کچھوے کی چال گرین کیپس کو منزل سے بھٹکانے لگی، ویسٹ انڈیز سے تیسرا ٹیسٹ جیت کر تاریخ رقم کرنے کیلیے انداز میں تبدیلی ضروری ہو گئی۔

غیر مستقل مزاجی کے دیرینہ مرض میں مبتلا پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ میں مسائل کے باوجود پہلا ٹیسٹ 7 وکٹ سے جیتا، مگر پھر دوسرے میں 106رنز کی مات سے سیریز برابر کر دی۔ انتہائی سست بیٹنگ کا بھی اس میں اہم کردار رہا، اب ویسٹ انڈیز میں پہلی بار سیریز جیتنے کیلیے بدھ سے شروع ہونے والے ڈومینیکا ٹیسٹ میں لازمی فتح درکار ہے، ٹیم مینجمنٹ کو شکست خوردہ کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنے کیساتھ بہتر پلاننگ کی بھی اشد ضرورت ہوگی، اپنی تمام تر کمزوریوں کے باوجود کیریبیئن اسکواڈ میں موجود چند پلیئرز سخت مزاحمت کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی دفاعی حکمت عملی میں مرکزی کردار احمد شہزاد کا قرار دیا جا رہا ہے،ٹیسٹ کرکٹ میں کم بیک کرنے والے اوپنر رنز بنانے سے زیادہ اپنی جگہ محفوظ کرنے کیلیے فکر مند نظر آئے، حریف کو ابتدا میں ہی حاوی ہونے کا موقع ملتا رہا،جمیکا میں انھوں نے پہلی اننگز میں سست روی سے 31 رنز بنائے، دوسری میں معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف6پر وکٹ گنوادی،بارباڈوس میں احمد شہزاد نے نوبالز اور ڈراپ کیچز سے متعدد مواقع پانے کے باوجود 191 گیندیں صرف کرتے ہوئے 70رنز اسکور کیے،دوسری اننگز میں وہ 61گیندوں پر 14بنا سکے، اب تیسرے ٹیسٹ میں ان کی جگہ شان مسعود کو شامل کیا جا سکتا ہے۔


گزشتہ سال جولائی میں دورئہ انگلینڈ کے مسلسل 2میچز میں ناکامی پر ڈراپ کیے جانے کے بعد اوپنر نے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا، ان کو شامل کرنا بھی کسی جوئے سے کم نہیں ہوگا۔جمیکا ٹیسٹ میں صرف 2وکٹیں حاصل کرنے والے وہاب ریاض کی جگہ دوسرے میچ میں پاکستان نے شاداب خان کو شامل کیا لیکن لیگ اسپنر اپنے ڈیبیو کو یادگار نہیں بنا سکے، انھوں نے میچ میں 40اوورز کرائے اور مجموعی طور پر 145رنز دیتے ہوئے صرف ایک شکار کیا۔

شاداب کی غیر متاثر کن بولنگ کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر وہاب ریاض کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنانے پر غور ہو رہا ہے، پچ پر ہلکی گھاس چھوڑنے کی صورت میں عامر اور محمد عباس کے ساتھ تیسرے پیسر کی ضرورت ہوگی لہذا وہاب ریاض واپس آ سکتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز ڈومینیکا میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا،وارم اپ اور مختلف جسمانی ڈرلز کے بعد فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے سلپ میں کیچز کی مشق کرائی، یونس خان، بابر اعظم اور مصباح الحق چھوٹے بیٹ کی مدد سے اچھالی گئی گیندوں کو قابو پانے کیلیے سرگرم رہے، دیگر اسٹاف نے کرکٹرز کو کیچز کیساتھ وکٹوں کو درست نشانہ بنانے کی مشقیں بھی کرائیں،سرفراز نے الگ طویل سیشن کیا، وکٹ کیپر کیچنگ، اسٹمپنگ اور رن آؤٹ کی پریکٹس کرتے نظر آئے،نیٹ میں موجود بیٹسمین باری باری اندر آتی گیندوں پر اپنی تکنیکی خامیاں دور کرنے کیلیے ایکشن میں رہے۔
Load Next Story