تاپی گیس منصوبے پرعملدرآمد کا تہیہ کر رکھا ہے بھارتی صدر

منصوبہ خطے میں امن و ترقی کے لیے بھی انتہائی اہم ہے،ترکمانستان کے وفد سے گفتگو.

نوے ملین مکعب میٹرگیس یومیہ 30سال تک فراہم ہو سکتی ہے،وزیرخارجہ راشد مریدوف۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

بھارت کے صدر پرنب مکھرجی نے کہا ہے کہ بھارت ترکمانستان ،افغانستان اورپاکستان سے بھارت تک(تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کا تہیہ کیے ہوئے ہے اس پراگست 2017ء تک کام شروع ہوگا۔

منگل کویہاں راشٹر پتی بھون میں ترکمانستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ راشد مریدوف سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت کو توانائی کے وسائل میں کمی کا سامنا ہے جبکہ ترکمانستان ان سے مالا مال ہے ہمیں دونوں دوست ملکوں کے درمیان طویل مدت توانائی، شراکت داری کوبڑھانا چاہیے۔




انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ باہمی طور پرمفید ہے اور یہ ہمارے خطے میں امن اور ترقی کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔ مریدوف نے بھی بھارت کو ترکمانستان کا آزمودہ دوست قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کااظہار کیا۔ اس گیس پائپ لائن کے ذریعے نوے ملین مکعب میٹرگیس یومیہ تیس سال تک فراہم ہوسکتی ہے ۔
Load Next Story