عباس نے ڈیبیو سیریز کو عمدہ بولنگ سے یاد گار بنالیا

19.20 کی اوسط سے 15 وکٹیں، یاسرعروج پر نظر آئے، 25 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا

بیٹنگ میں مصباح اوراظہر نمایاں رہے، یونس6 اننگز میں صرف122رنزبنا سکے۔ فوٹو: نیٹ

PESHAWAR:
فاسٹ بولر محمد عباس نے ڈیبیو سیریز کو عمدہ کارکردگی سے یاد گار بنالیا، انھوں نے 19.20 کی اوسط سے 15 وکٹیں لیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز کی سیریز کے ابتدائی معرکے میں رائٹ آرم فاسٹ بولر محمد عباس نے ڈیبیو کیا، انھوں نے سیریز کے دوران مجموعی طور پر 126 اوورز میں 288 رنز دیکر15 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس دوران ان کی ایوریج 19.20رہی، یاسر شاہ نے سب سے زیادہ 25 شکار کیے، ان کی اوسط 21.96 تھی، عامر نے صرف 17.46 کی اوسط سے 13 وکٹیں لیں۔ حسن علی نے واحد میچ میں 3 جبکہ وہاب نے بھی ایک ہی میچ میں 2 وکٹیں لیں، پہلے میچ میں ڈیبیو کرنے والے شاداب نے صرف ایک وکٹ لی اور پھر انھیں میدان میں نہیں اتارا گیا۔


دوسری جانب بیٹسمینوں میں مصباح الحق نے 67.75 کی ایوریج سے اپنی ٹیم کیلیے سب سے زیادہ 271 رنز بنائے، اس میں 2 مرتبہ 99، 99 کی اننگز بھی شامل تھیں۔ اظہر علی نے 43.50 کی ایوریج سے 261 رنز اسکور کیے۔ احمد شہزاد نے بڑی مشکل سے 2 میچز کھیلے جس میں 30.25 کی اوسط سے 212 رنز بنائے، سرفراز احمد نے 28.20 کی اوسط سے 141 رنز اسکور کیے، بابر اعظم بھی طویل فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا واضح اظہار نہیں کرپائے، انھوں نے 27.20 کی ایوریج سے 136 رنز بنائے۔ یونس اپنی اختتامی سیریز میں صرف 122 رنز بنا پائے، اس دوران ان کی ایوریج 20.33 رہی۔

علاوہ ازیں سینئرز کے متبادل کا رتبہ پانے والے اسد شفیق بُری طرح ناکام رہے، وہ پانچ اننگز میں صرف 67 رنز 13.40 کی اوسط سے ہی بنا پائے۔

 
Load Next Story