ٹکٹوں کی تقسیم کیلیے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ قائم صدر

صدر،وزیراعظم ملاقات میں آئندہ الیکشن اور نگراں سیٹ اپ پرتبادلہ خیال،آصف زرداری سے جنرل خالدوائیں

اسلام آباد:وزیراعظم راجا پرویز سے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ،گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر ہوتی ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین صدرآصف زرداری نے آئندہ عام انتخابات کیلیے پارٹی کا پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔

انھوں نے یہ بورٖڈ بدھ کی شام تشکیل دیا ہے جوآئندہ انتخابات سے متعلق اموراورپارٹی ٹکٹوںکی تقسیم کاجائزہ لے گا۔سینٹرل پارلیمانی بورڈمیں پرویز اشرف،امین فہیم،یوسف رضاگیلانی،جہانگیربدر،فریال تالپور اور رخسانہ بنگش شامل ہیں۔پنجاب کے پارلیمانی بورڈ میںمخدوم شہاب الدین،منظوروٹو ،امتیازصفدروڑائچ اور راجہ ریاض،سندھ کے پارلیمانی بورڈ میںقائم علی شاہ،خورشید شاہ، آغا سراج درانی اورپیر مظہرالحق،خیبرپختونخواکے پارلیمانی بورڈ میں انورسیف اﷲ،سردارعلی رحیم داد، فیصل کریم کنڈی اورنجم الدین شیخ اوربلوچستان کے پارلیمانی بورڈ میں صادق عمرانی،فتح محمدحسنی اور علی مدد جتک شامل ہیں۔




آئی این پی کے مطابق صدرزرداری سے وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے بدھ کی شب ملاقات کی اورموجودہ سیاسی صورتحال،آئندہ عام انتخابات ،نگران سیٹ اپ اور پارٹی امورپرتبادلہ خیال کیا،دونوں رہنمائوں نے آئین وقانون کے تحت انتخابات مقررہ وقت پر صاف اورشفاف انداز میںکرانے کے عزم کااعادہ کیا۔ایوان صدرذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل میں کیے جانیوالے فیصلوں سے صدرکوآگاہ کیا اورکورکمیٹی کے فیصلوں پر انہیںاعتمادمیں لیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں اس بات پراتفاق کیاگیاکہ نگران سیٹ پرسیاسی قوتوںسے مشاورت کی جائیگی۔ ادھرصدرزرداری سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے بدھ کوالگ الگ ملاقات کی اور مسلح افواج سے متعلق پیشہ ورانہ امورپرتبادلہ خیال کیا۔صدرنے جنرل خالد شمیم وائیں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔صدرزرداری نے جنرل خالد شمیم وائیں کو یقین دلایاکہ حکومت مالی مشکلات کے باوجود مسلح افراج کی تمام ضروریات پورا کریگی۔

Recommended Stories

Load Next Story