ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کی شاندار کامیابی

ایکسپریس میڈیا گروپ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور کیریئر کے حوالے سے اپنی مقدور بھر ذمے داریاں نبھا رہا ہے

 5 ایکسپریس/فائل

ملک کی نوجوان نسل کو تعلیمی سرگرمیوں اور کیریئر کے انتخاب میں حائل رکاوٹوں اور رہنمائی کے لیے ایکسپریس میڈیا گروپ انتہائی جانفشانی سے مختلف شہروں میں ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا انعقاد کررہا ہے، اسی سلسلے کے تحت کراچی میں 2 روزہ ''ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو 2017'' اتوار کی شام اختتام پذیر ہوگئی۔ دو روز جاری رہنے والی مذکورہ ایکسپو میں ایک ہی چھت کے نیچے صرف شہر ہی کے نہیں ملک کے بڑے سرکاری و نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اسٹال لگائے گئے، جہاں دونوں دن ہزاروں کی تعداد میں طالب علموں سمیت شہریوں نے ریکارڈ شرکت کی۔

نمائش کے دوسرے روز ایکسپو سینٹر کراچی میں جامعات اور انسٹی ٹیوٹس میں داخلوں کے خواہشمند طلبا و طالبات اور ان کے والدین کا تانتا بندھا رہا اور اتوار کی صبح سے ہی بڑی تعداد میں انٹر کا امتحان دے کر حال ہی میں فارغ ہونے والے طلبا نے ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا رخ کرنا شروع کردیا۔ نمائش میں لگائے گئے نجی و سرکاری جامعات اور انسٹی ٹیوٹس کے اسٹالز پر متعلقہ جامعات اور انسٹی ٹیوٹس کی داخلہ پالیسی اور وہاں جاری مختلف تدریسی پروگرامز کے حوالے سے طالب علموں کی بھرپور رہنمائی کی گئی۔


طلبا اور شہریوں کا کہنا تھا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے ایکسپو کے انعقاد کے لیے انتہائی موزوں وقت کا انتخاب کیا ہے جب وہ انٹر کے امتحانات دے کر فارغ ہوچکے ہیں اور جامعات اور پروفیشنل کالجوں میں داخلوں اور اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے حوالے سے رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ نمائش کے شرکا کا کہنا تھا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے اس نوعیت کی تعلیمی نمائش کا اہتمام تعلیم کے حصول کے خواہشمند خاندانوں کے لیے ایک بہترین کاوش ہے۔

نمائش میں لگائے گئے اسٹالز پر طلبا نے مختلف نوعیت کے بزنس ایجوکیشن پروگرام، انجینئرنگ پروگرام اور میڈیا سائنسز کے پروگرام میں سب سے زیادہ دلچسپی کا اظہار کیا جب کہ بعض جامعات کی جانب سے ایکٹیوٹی ہال میں طلبا کے ریسرچ پروجیکٹ کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ ایجوکیشن ایکسپو میں فوٹو گرافی اور موسیقی کے مقابلے بھی ہوئے۔ ایکسپریس میڈیا گروپ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور کیریئر کے حوالے سے اپنی مقدور بھر ذمے داریاں نبھا رہا ہے کیونکہ یہی نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل اور حقیقی سرمایہ ہیں۔
Load Next Story