فارمیشن کمانڈرز کانفرنس بھارتی مہم جوئی کے خطرات

بھارت پاکستان کو دنیا میں سفارتی تنہائی مہم کے ساتھ ساتھ فوجی محاذ پر بھی الجھانا چاہتاہے

۔ فوٹو: فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سرحدوں کے ساتھ کسی بھی جگہ پر ، کسی بھی اشتعال انگیز کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں سالانہ فارمیشن کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں آرمی کے تمام جنرل افسران نے شرکت کی، فارمیشن کمانڈروںکی پچھترویں سالانہ کانفرنس کے شرکا کو جیو اسٹرٹیجک صورتحال، آپریشن ردالفساد میں پیش رفت، روایتی خطرات کے خلاف آپریشن تیاریوںاور قومی سلامتی سے متعلق دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی۔

ملکی سالمیت کے لیے جس مستعدی ،چابکدستی اور الرٹ رہنے کی ضرورت ہے پاک فوج اس معیار پر نہ صرف پورا اترتی ہے بلکہ دشمن کو اس حقیقت کا بھی علم ہے کہ خطے میں کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی ، جارحیت اور سرجیکل اسٹرائیک کی احمقانہ دھمکی کچھ کام نہیں آسکے گی جب کہ فارمیشن کمانڈروں کے اجلاس نے اس کا دو ٹوک جواب بھی دے دیا ہے۔ خبروں کے مطابق بھارت کنٹرول لائن پر کشیدگی بڑھانے اور سرحدی علاقوں میں بلاجواز فائرنگ اور گولہ باری کرکے حالات بگاڑنے پر کمربستہ ہے اور اس نے گزشتہ روز سرحدی علاقہ نوشہرہ میں فوجی چوکی تباہ کرنے کا شوشہ بھی چھوڑاتاہم پاک فوج نے کنٹرول لائن کے نوشہرہ سیکٹر پر چوکی تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایل او سی کے پار شہریوں پر فائرنگ کا بھارتی دعویٰ بھی غلط ہے۔


آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں امن و استحکام سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی پیش بہا قربانیوں کے بعد قائم ہوا، پرامن پاکستان کے حصول کے لیے قوم کی مدد سے ان کامیابیوں کو مستحکم کریں گے، پائیدار استحکام تک کراچی اور پنجاب سمیت دوسری جگہوں میں آپریشنز جاری رہیں گے ، ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں، تاہم سرحدوں پر کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے۔

اجلاس میں بلوچستان میں امن و امان سے متعلق امور اور سی پیک منصوبے بھی زیرغور آئے، فاٹا ریفارمز اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے حالیہ اٹھائے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔عسکری قیادت یقیناً ان بھارتی عزائم سے خبردار ہے جس کے تحت امریکی ڈائریکٹرڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی لیفٹیننٹ جنرل ونسنٹ اسٹیوارٹ نے کانگریس کو بریفنگ میں انکشاف کیا کہ بھارت پاکستان کو دنیا میں سفارتی تنہائی مہم کے ساتھ ساتھ فوجی محاذ پر بھی الجھانا چاہتاہے۔اس فوجی افسر کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھارت سرحدوں کو لاحق عالمی خطرات کا بہانہ بناتے ہوئے کنٹرول لائن پر صورتحال کو مزید ابتر کرنے کی کوشش کریگا ۔سو مشتری ہشیار باش۔
Load Next Story