آسٹریلوی کرکٹ تنازع مزید سنگین رخ اختیار کرگیا

پلیئرزایسوسی ایشن نے بورڈکی دھمکی کاجواب دیتے ہوئے الگ کمرشل کمپنی بنا لی

پلیئرزایسوسی ایشن نے بورڈکی دھمکی کاجواب دیتے ہوئے الگ کمرشل کمپنی بنا لی۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا میں کھلاڑیوں اور بورڈ کا تنازع مزید سنگین رخ اختیار کرگیا، کرکٹرزایسوسی ایشن نے اپنی الگ کمرشل کمپنی بنالی.


آسٹریلوی کرکٹرز ایسوسی ایشن نے کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاوضوں کے تنازع کے بعد اپنی الگ سے ایک کمپنی قائم کرلی جسے 'دی کرکٹرز برانڈ' (ٹی سی بی) کا نام دیا گیا ہے، یہی کمپنی مرد اور خواتین کرکٹرز کے 'حقوق' فروخت کرے گی، جس میں کھلاڑیوں کے نام، آواز، دستخط، ٹریڈ مارک، تصاویر اور پرفارمنسز سب کچھ آتا ہے،ان کی ویڈیو ریکارڈنگ، اسے نشرکرنا، ویب سائٹ یا کسی بھی دوسری مصنوعات میں استعمال کرنا بھی اسی زمرے میں آتا ہے، کھلاڑیوں کے انٹرویوز،اسپانسرشپ سرگرمیاں اور کسی بھی کمپنی کے برانڈ کی تشہیر کا بھی حقوق دانش میں ہی شمار ہوتا ہے۔ اس وقت پلیئرز کے یہ تمام حقوق کرکٹ آسٹریلیا اور اس کے آفیشل براڈ کاسٹر چینل نائن کے پاس ہیں،30 جون کو جاری کنٹریکٹس کے اختتام پر پلیئرز آزاد اور تمام کمرشل سرگرمیوں کی دیکھ بھال ٹی سی بی ہی کرے گی۔

کرکٹ آسٹریلیا کو بھی اپنی آفیشل ویب سائٹ یا دیگر ڈیجیٹل فورمز پر پلیئرز کی تصاویر، انٹرویوز یا دوسری سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کیلیے بھی ٹی سی بی سے ہی اجازت لینا ہوگی۔ آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے یہ کمپنی کرکٹ آسٹریلیا کی اس دھمکی کے بعد قائم کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ 30 جون تک نئے معاہدوں پر دستخط نہ کرنے کی صورت میں پلیئرزبیروزگار ہوجائیں گے، سی اے کی جانب سے پلیئرز باڈی کو یہ بھی کہہ دیا گیا تھا کہ وہ اسے بھی اب سالانہ گرانٹ نہیں دیں گے۔ اس کمپنی سے حاصل ہونے والی آمدنی سے کرکٹرز ایسوسی ایشن اپنے اخراجات بھی چلائے گی۔
Load Next Story