جے آئی ٹی ویسا کام نہیں کر رہی جیسا کرنا چاہیے ترجمان وزیر اعظم

تفتیش کا طریقہ کار ماورائے قانون ہے،مصدق ملک،طارق فضل، دانیال، طلال، حنیف عباسی

جے آئی ٹی میں دستور سے ہٹ کر تحقیقات ہوئیں، مصدق ملک۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہاہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو جس طرح کام کرنا چاہیے ویسے نہیں کر رہی، تفتیش کا طریقہ کار ماورائے قانون ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جے آئی ٹی میں دستور سے ہٹ کر تحقیقات ہوئیں تو سپریم کورٹ کے نوٹس میں لایا جائیگا، عدالت کے علم میں ہونا چاہیے کہ تحقیقات شفاف ہیں یا نہیں، جے آئی ٹی سے متعلق تفصیلات اور تحفظات سپریم کورٹ کے حوالے کئے ہیں۔

وزیرمملکت ڈاکٹر طارق فضل اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نے اپنی تین نسلوں کا حساب دیا، اب عمران خان کی باری آئی ہے تو وہ حیلے بہانوں سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔


طارق فضل نے کہاکہ آئینی اداروں سے فرار اور ان کو ڈرانا دھمکانا تحریک انصاف اور عمران خان کا وطیرہ ہے، عمران خان جان بوجھ کر اداروں کی تضحیک کر رہے ہیں، دوسری جانب دانیال عزیز نے کہاکہ تحریک انصاف سند یافتہ چوروں کی جماعت ہے، عمران خان کے جمائما کو 5 لاکھ 62 ہزار پاؤنڈ واپس کرنے کے بیانات میں تضادات پایا جاتا ہے، تحریک انصاف والے ایک جعلی ای میل کو اپنی منی ٹریل کہہ رہے ہیں، یہ منی ٹریل پکوڑوں والے کاغذ سے بھی گھٹیا ہے، قوم سے وعدہ ہے عمران خان کا اصل چہرہ سامنے لائیں گے۔

ادھر حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی غیرملکی فنڈنگ کے متعلق کیس کی سماعت بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج جب عدالت کے جج صاحبان نے پوچھا کہ اس بات کی وضاحت کون کرے گا کہ ایسے غیرملکی فنڈ لینا ممنوع ہے یا نہیں؟ اس کیلئے عمران خان کے وکیل تیار نہیں تو دال میں کچھ کالا ہے کہ تحریک انصاف الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ سے بھاگ رہی ہے۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن)کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی تین نسلوں کا حساب دیدیا لیکن جب عمران سے منی ٹریل مانگی تو جھوٹ کی ٹریل جمع کرادی گئی، خان صاحب اپنا اکاونٹ نمبر بتائیں کس اکاونٹ سے جمائمہ کوپیسے گئے؟۔
Load Next Story