پی سی بی خالد لطیف کے خلاف 29 مئی کو آخری گواہ پیش کرے گا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 26 مئ 2017

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر خالد لطیف کی جانب سے ٹریبیونل کے بائیکاٹ کے بعد یکطرفہ سماعت کا سلسلہ آج بھی جاری رہا جب کہ پی سی بی اپنا آخری گواہ 29 مئی کو پیش کرے گا۔

پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا ہے کہ ٹریبیونل میں آج خالد لطیف کے خلاف ایک اور گواہ پیش ہوئے اور اس حوالے سے تمام اشیاء بیٹس، گرپس، موبائل فونز وغیرہ ٹریبیونل کے حوالے کی گئیں جب کہ پی سی بی کی جانب سے خالد لطیف کے خلاف آخری گواہ کو 29 مئی کو پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گواہان پر جرح میں زیادہ وقت لگنے کی وجہ سے کیس تاخیر کا شکار ہوا، کیونکہ فریقین کے وکلاء کو حق حاصل ہوتا ہے کہ وہ گواہان پر اپنی مرضی کے مطابق جرح کریں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :پی سی بی اور خالد لطیف ’’نوٹس نوٹس‘‘ کھیلنے لگے

گورنر پنجاب کے بیٹے اور شاہ زیب حسن کے وکیل کاشف رجوانہ کے ساتھ رعایت اور خالد لطیف کے ساتھ سخت رویہ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا، کیس کے آغاز پر تمام معاملات طے ہوتے ہیں، خالد لطیف کے وکیل نے کیس شروع ہونے پر کہا کہ وہ تمام معاملات کے ختم ہونے سے پہلے نہیں جائیں گے، کاشف رجوانہ نے کیس سے قبل بتایا تھا کہ وہ ان تاریخوں پر دستیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ناصر جمشید کے کیس کی ٹریبیونل میں ابتدائی سماعت کی تاریخ تبدیل کروائی گئی ہے، اب 9 جون کو پی سی بی اپنا مؤقف پیش کرے گا جس کے بعد کیس کی باقاعدہ سماعت شروع ہو جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔