متعدد وارداتوں میں ملوث ڈاکو حسینہ گرفتار، اسلحہ برآمد

کراچی: زمان ٹاؤن پولیس نے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ڈاکو حسینہ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلیے۔

ملزمہ کا کہنا ہے کہ وہ انٹر پاس ہے اور قرض اتارنے کے لیے ڈکیت گروہ میں شامل ہوئی تھی، تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے ایک اطلاع پر کورنگی ڈھائی نمبر ڈھائی کے قریب ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو وہاں موجود 3 ملزمان اپنی 2 موٹر سائیکل اور اسلحہ پھینک کر فرار ہوگئے جبکہ ملزمان کی ساتھی ڈاکو حسینہ پولیس کے ہاتھ لگ گئی۔

پولیس نے ملزمہ کرن کنول کو گرفتار کرلیا اور ملزمان کا پھینکا جانے والا پستول اور چھوڑی جانیوالی  2موٹر سائیکلKEK-0171یونیک اورFDP-7078 ہونڈا 125 تحویل میں لے لیں ، ایس ایچ او زمان ٹائون آصف رؤف نے بتایا کہ ملزمہ نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں زبیر خان اور طلعت عرف شکاری کے ہمراہ گروہ کے کارندے ماہا خان کے گھر اسلحہ لینے آئے تھے اور اس کے گھر کے باہر کھڑے تھے کہ پولیس پہنچ گئی جس کو دیکھ کر ملزمان فرار ہوگئے پولیس نے ملزمان کی ساتھی کرن کنول کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے ایک پستول اور ملزمان کی چھوڑی ہوئی 2موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لیں۔

 

ملزمہ واردات کے وقت پستول اپنے پرس میں رکھتی تھی، زمان ٹاؤن تھانے میں گرفتار ملزمہ کرن کنول نے بتایاکہ وہ کورنگی5 نمبر کی رہائشی ہے اور انٹر پاس ہے ملزمہ نے بتایا کہ اس کی ایک سال قبل محمد اعجاز سے شادی ہوئی تھی اور اس کا شوہر ایک فور اسٹار ہوٹل میں ویٹر ہے، ملزمہ نے بتایا کہ اسے ڈکیت گروہ کے سرغنہ زبیر نے کورنگی پارک میں ملاقات کے دوران بتایا تھا کہ اس کا کارخانہ ہے اگر ملازمت کی ضرورت ہو تو بتا دینا۔

ملزمہ نے بتایا کہ اس نے زبیر سے 30 ہزار روپے قرض لیے تھے اور20 دن میں واپس کرنے کا کہا تھا جب میں قرض کی رقم واپس نہ کرسکی تو زبیر نے اپنے گروپ میں شامل ہونے کا کہا جس پر اس کے گروپ میں شامل ہوگئی، ملزمہ کرن کنول نے بتایا کہ وہ گذشتہ 2 ماہ سے زبیر خان کے گروپ میں کام کررہی ہے، ملزمہ نے بتایا کہ وہ اپنے گھر میں میلاد النبیؐ کے سلسلے میں کپڑے سلائی کررہی تھی کہ زبیر کا فون آیا اور اس نے کورنگی 6 نمبر بلایا، وہاں سے وہ موٹر سائیکل پر ماہا خان کے گھر لے گیا جہاں سے دو پستول لینے تھے اور پھر واردات کے لیے نکلنا تھا۔

ملزمہ نے بتایا کہ اس نے2012 میں شاہ فیصل کے علاقے میں ایک گھر کے اندر واردات کی تھی جہاں سے سب کے حصے میں 45 ہزار روپے فی کس آئے تھے تاہم زبیر نے اپنے ادھار کے 30 ہزار روپے کاٹنے کے بعد باقی رقم دیدی تھی، ملزمہ نے بتایا کہ ان کے گروپ میں زوہیب، سائیں،کاشان، زبیرخان اور ماہا خان شامل ہیں، کرن کنول نے بتایا کہ ان کے گروہ کا ساتھی سائیں تین ہٹی پر قتل کردیا گیا تھا، ایس ایچ او زمان ٹاؤن آصف رؤف نے بتایا کہ ملزمہ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ الفلاح کے علاقے شاہ فیصل کالونی حسن مجتبیٰ ٹاؤن میں عبدالستار کے گھر ڈکیتی کی واردات کی تھی جس کا مقدمہ الفلاح تھانے میں ایف آئی آر نمبر289/2012 کے تحت درج ہے۔