مقتول اہلکار شہزاد اور عبدالعزیزالیکشن کمیشن آفس پر تعینات تھے

مقتولین الیکشن کمیشن آفس پر تعینات تھے اور کھانا کھانے جا رہے تھے کہ انہیں فائرنگ کر کے ٹارگٹ کیا گیا۔

شہزاد اختر کی آخری رسومات زمان ٹاؤن میں ادا کی گئیں۔۔ فوٹو: فائل

کورنگی صنعتی ایریا میں موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکارجاں بحق ہوگئے۔

ملزمان سر کاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے ، تفصیلات کے مطابق جمعے اورہفتے کی درمیانی شب کورنگی صنعتی ایریا سیکٹر 17-A بلال کالونی میں واقع ویٹا چورنگی کے قریب نجی چمڑا فیکٹری کے سامنے 2 موٹر سائیکلوں پرسوار 4 نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے موٹر سائیکل سوار 2 پولیس اہلکاروںشہزاد اختر اور عبدالعزیزکوقتل کردیا اور ملزمان پولیس اہلکاروں کی سرکاری ایس ایم جیز بھی لے کر باآسانی فرار ہوگئے۔


فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے اہلکاروں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال پہنچائی گئیں ، ایس ایچ اوکورنگی صنعتی ایریا نعیم خان نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو9 ایم ایم پستول سے فائر نگ کے قتل کیا گیا ، انھوں نے بتایا کہ پولیس کانسٹیبل شہزاد اختر کو 4 اور عبدالعزیز کو 3 گولیاں لگیں اور پولیس کو جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کے خالی خول بھی ملے ہیں۔

سندھ پولیس کے ترجمان ایس ایس پی عمران شوکت کے مطابق مقتولین الیکشن کمیشن آفس پر تعینات تھے اور کھانا کھانے جا رہے تھے کہ انہیں فائرنگ کر کے ٹارگٹ کیا گیا،کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر تا حال درج نہیں کی گئی تاہم ورثا کے تھانے آنے کے بعد ایف آئی آر درج کر لی جائے گی، پولیس کانسٹیبل عبدالعزیزکی میت آبائی علاقے خیر پور روانہ کردی گئی ،مقتول پولیس کانسٹیبل شہزاد اختر کی آخری رسومات زمان ٹائون کے علاقے میں واقع کرسچن ٹائون میں رہائش گاہ پر ادا کی گئیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ زون عبدالعلیم جعفری ، ایس پی کورنگی چوہدری اسد ، ڈی ایس پی قاسم غوری ، ڈی ایس پی ایڈمن ایسٹ ، ایس ایچ او زمان ٹائون آصف رئوف ، ایس ایچ او کورنگی مطیع اﷲ اور ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا محمد نعیم خان سمیت دیگر افسران موجود تھے، بعدازاں مقتول پولیس کانسٹیبل شہزاد کی ریڑی روڈ پر واقع چشمہ گوٹھ میں کرسچن قبرستان میں تدفین کردی گئی ، مقتول پولیس کانسٹیبل شہزاد نے سوگواران میں 2 بچوں اور بیوہ کو چھوڑا ہے،مقتول 1994، 1995میں زمان ٹائون تھانے کی حدود میں فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے اپنے کزن پولیس کانسٹیبل مراد مسیح کے 2 بچوں کی بھی کفالت کر رہا تھا۔
Load Next Story