کنٹرول لائن پر 11 گھنٹوں میں 3 پراسرار دھماکے ایک اہلکار شہید 9 افراد زخمی

پہلہ دھماکا اتوار اورپیر کی درمیانی شب ہوا جبکہ دوسراد ھماکا ایمبولینس پہنچنے پرہوا۔

واقعے کے بعدسری نگرمظفرآبادبس سروس معطل کردی گئی۔ فوٹو؛ فائل

KARACHI:
لائن آف کنٹرول چکوٹھی کے قریب کھلانہ خورد اوپی بالا میں 11 گھنٹوں میں تین پر اسرار دھماکے، ایک اہلکار شہید جبکہ چار اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے.

اتوار اور پیر کی درمیانی شب راولپنڈی سے لائن آف کنٹرول چکوٹھی کے گاؤں وادی کھلانہ جانیوالا ٹویوٹا ہائی ایس نمبر ایل ای ایس 8021 جیسے ہی بھارتی پوسٹوں کے سامنے سے گزرنے لگی توزرور دار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجہ میں پانچ افراد زخمی ہوگئے جن میں ڈرائیور عمران، مختار، رحمت، جہانزیب لطیف شامل ہیں۔


دوسرا دھماکا تھوڑی دیر بعد ہوا جب زخمیوں کو اٹھانے کیلئے ایمبولینس وہاں پہنچی، دوسرے دھماکے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، تیسرا دھماکا گزشتہ روز اس وقت ہوا جب ایک سرکاری ٹیم موقع کا معائنہ کرنے پہنچی تاہم تیسرے دھماکے میں ایک اہلکار تعظیم شہید جبکہ حمزہ علی، محمد شبیر، محمد عرفان اور معراج زخمی ہوگئے۔

تین دھماکوں کے بعد ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی آزاد کشمیر نے گزشتہ روز روانہ ہونیوالی سرینگر مظفرآباد بس سروس معطل کردی تاہم ایل او سی کے آرپار پہنچنے والے تمام مسافر دوبارہ اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ دھماکوں میں زخمی ہونیوالے تمام افراد کو آر ایچ سی چکوٹھی سے طبی امداد کے بعد ہٹیاں بالا اور مظفرآباد کے ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
Load Next Story