انگلینڈ کا آئی پی ایل کیلیے رعایت دینے سے صاف انکار

اہم بات یہ ہے کہ جب انگلینڈ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہو تو اس کو اپنے بہترین کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہو، ای سی بی

پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن انگلش بورڈ پر زور دے رہی ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو سہولت فراہم کرے ۔ فوٹو: فائل

انگلینڈ نے پلیئرز کو آئی پی ایل کیلیے رعایت دینے سے صاف انکار کردیا۔


ای سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیو مورس نے واضح کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ سب سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ جب انگلینڈ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہو تو اس کو اپنے بہترین کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہو، ہماری پالیسی کا محور ہی یہی ہے کہ کھلاڑیوں کی خدمات سب سے پہلے انگلینڈ کے لیے ہی دستیاب ہوں۔ واضح رہے کہ اس بار بھی آئی پی ایل نیلامی میں صرف چند انگلش پلیئرز ہی حصہ لیں گے جن میں میٹ پرائر، مونٹی پنیسر اور روی بوپارہ شامل ہیں، انھیں خصوصی طور پر اجازت ملی ہے جبکہ کیون پیٹرسن اور ایون مورگن کے پہلے سے ہی مختلف آئی پی ایل فرنچائزز کے ساتھ معاہدے ہیں۔

انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ نیوزی لینڈ کے خلاف 16 مئی سے شروع ہوگا جبکہ وہ تمام کھلاڑی جن کا ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے کا امکان موجود ہے ان کے لیے اسکواڈ کے اعلان سے قبل کم از کم ایک کائونٹی چیمپئن شپ میچ کھیلنا ضروری ہوگا، اس صورت میں کیون پیٹرسن اور مورگن وغیرہ اس بار بھی آئی پی ایل میں صرف چند میچز ہی کھیل پائیں گے۔ پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے انگلش بورڈ پر زور دیا جارہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی سہولت کیلیے آئی پی ایل کیلیے ونڈو فراہم کرے مگر ای سی بی اس پر تیار نہیں ہے۔
Load Next Story