دھرنے میں شرکت کیلیے ن لیگ کے رابطے

جماعت اسلامی، فنکشنل لیگ، سندھی قوم پرست جماعتوں اور جے یو پی نے حمایت کردی

جماعت اسلامی، فنکشنل لیگ، سندھی قوم پرست جماعتوں اور جے یو پی نے حمایت کردی، عمران خان نے دھرنے میں جانے اور اسٹرٹیجک کمیٹی نے شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا. فوٹو: فائل

جماعت اسلامی، فنکشنل لیگ اور سندھ کی قوم پرست جماعتوں نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنے میں شرکت کا اعلان کردیا۔

اتوار کو اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار نے لیاقت بلوچ سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانے کیلیے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے میںشرکت کی دعوت دی، انھوں نے جماعت اسلامی سے وفاق اور صوبوں میں نگراں حکومتوں کیلیے 2,2 نام بھی مانگے۔ لیاقت بلوچ نے دھرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔

چوہدری نثار نے کہا کہ حکمراں سندھ اور بلوچستان میں انتخابات چرانا چاہتے ہیں لیکن ہم مل کر اس کوشش کو ناکام بنائیں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کراچی میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق نہ کرانے کے حوالے سے کہاکہ اس حوالے سے سپریم کورٹ کا باقاعدہ حکم موجود ہے۔ چوہدری نثارنے کہا کہ ہم ملک میں شفاف ترین انتخابات چاہتے ہیں ،کراچی میں نہ صرف حلقہ بندیاں ہونی چاہییں بلکہ حقیقی معنوں میں فوج کی نگرانی میں ووٹرلسٹوں کی تصدیق کرائی جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی میں انتخابی فہرستوں پرسپریم کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔




قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھاکہ حکومت اس لاقانونیت کا حصہ ہے۔ چوہدری نثار نے مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل امتیاز احمد شیخ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، امتیاز شیخ نے کہا کہ انکی جماعت دھرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتی ہے اور اسلام آباد میں اپوزیشن کی جماعتوں کے مشترکہ احتجاج میں شامل ہوگی۔ عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو اور سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے بھی دھرنے میں شرکت کا اعلان کیا۔

ایاز پلیجو نے کہا کہ سندھ کے اہم ایشوز پر ن لیگ کی جانب سے ہر اقدام کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔ دونوں رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن سے پہلے چاروں صوبوں کے سیاسی گورنرز کو برطرف کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ چوہدری نثار نے پارٹی قیادت کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے اور مارچ میں شرکت کیلیے دیگر جماعتوں کے رہنمائوں سے کیے جانیوالے رابطوں کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story