ہاکی سیریز میں خراب موسم پاکستان کی فتح میں رکاوٹ بن گیا

آئرلینڈ کیخلاف بارش سے متاثرہ پہلا ٹیسٹ ڈرا، اسسٹنٹ کوچ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن

علیم بلال اور علی شان نے ایک ایک گول کیا، اسسٹنٹ کوچ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن۔ فوٹو: فائل

خراب موسم اور بارش پاکستان کی فتح میں رکاوٹ بن گئی، پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان پہلا ہاکی میچ 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں میں مصروف پاکستان کا آئرلینڈ کے ساتھ 3 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ2-2 گول سے برابر ہو گیا ، بیلفاسٹ میں کھیلنے جانے والے اس میچ کے دوران خراب موسم نے رنگ میں بھنگ ڈالنے کی کوشش کی، بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری رہا، گرین شرٹس کو پہلے ہاف میں حریف ٹیم کے خلاف2-1 گولز کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں آئرش ٹیم حاوی رہی اور اس نے ایک گول کرکے مقابلہ 2-2 گولز سے برابر کر دیا، دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کیلیے بھرپور کوشش کی تاہم کوئی بھی کامیاب نہ ہوسکی۔

میچ کے آغاز میں ہی پاکستانی ٹیم نے پہلے سے طے شدہ حکمت عملی پرعمل کرتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور 9ویں منٹ میں میزبان سائیڈ کے خلاف پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہوگئی، علیم بلال نے بغیرکوئی غلطی کیے گیند کو بڑی خوبصورتی سے جال کے اندرپھینک کر اسکور 1-0 کر دیا تاہم17ویں منٹ میں آئرلینڈ کے کونرہارٹے نے شاندار گول کرکے مقابلہ1-1 گول سے برابر کردیا، پہلا ہاف ختم ہونے سے صرف 2 منٹ قبل پاکستان نے عمدہ موو بنائی اور گیند کو آئرلینڈ کے ڈی ایریا میں لے جانے میں کامیاب ہوگئی، وہاں پر پہلے سے موجود علی شان نے ساتھی کھلاڑی کے عمدہ پاس کر گول کر کے اسکور 2-1 کر دیا۔


دوسرے ہاف میں آئرلینڈ کے جریمی ڈنکن نے گول کر کے مقابلہ 2-2 گولز سے برابر کر دیا، دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کیلیے کوشش کی تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہوسکی۔ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ہاکی ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

ادھرقومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کرنل محسن ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں نے خراب موسم اور سخت سردی میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔

بیلفاسٹ سے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت میں کرنل محسن کا کہنا تھا کہ سیریز کے پہلے میچ میں ہماری ٹیم بہت اچھا کھیلی ہے، پلیئرز بھی پلان کے مطابق کھیلے، میچ کے دوران سب سے مثبت پہلو یہ رہا کہ کھلاڑیوں نے آخری منٹ تک فائٹ کی اور انھیں کسی قسم کی تھکاوٹ یا فٹنس مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ میں بہت زیادہ ٹھنڈ ہے، میچ کے دوران بھی موسم بہت زیادہ خراب رہا، درجہ حرارت 10 سے 11 سنٹی گریڈ رہا اور مقابلے کے دوران بھی بارش ہوتی رہی، ہم اس طرح کی کنڈیشنز میں کھیلنے کی عادی نہیں ہیں، میچ میں کامیابی حاصل نہ کرنے کی یہ بھی ایک وجہ بنی۔

علاوہ ازیں قومی ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر نے کہا کہ ہم نے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان سائیڈ کی حکمت عملی اورکھلاڑیوں کے کھیلنے کے انداز کو خاصی حد تک دیکھ لیا ہے، خامیوں پر قابو پاکر اگلے میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔
Load Next Story