جامعہ کراچی میں ریٹائرافسران کی بھرتیوں پر پابندی عائد

انتہائی ضروری بھرتی سینڈیکیٹ اور گورنرسیکریٹریٹ کی منظوری سے مشروط.

تنبیہی خط جاری، دیگرجامعات کوچانسلرسیکریٹریٹ سے اجازت لینے کے احکامات فوٹو: فائل

KARACHI:
سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی گورنرسیکریٹریٹ نے جامعہ کراچی سمیت دیگرجامعات میں ریٹائرافسران کی ازسر نو بھرتیوں کاسخت نوٹس لیتے ہوئے ان بھرتیوںپرپابندی عائد کردی ہے۔

ریٹائرافسریاٹیچرکی انتہائی ضروری بھرتی کو سینڈیکیٹ اورگورنرسیکریٹریٹ کی منظوری سے مشروط کردیا گیا ہے اس سلسلے میں گورنر سیکریٹریٹ کی جانب سے ''ایکسپریس'' کی خبرکے تناظرمیں جامعہ کراچی کوسخت تنبیہی خط بھی جاری کیا گیا ہے جس میں یونیورسٹی سے منظوری کے بغیرکی گئی بھرتیوں پر جواب طلب کیاگیاہے۔

واضح رہے کہ روزنامہ ''ایکسپریس'' نے 15جنوری کی اشاعت میں جامعہ کراچی میں گورنر سیکریٹریٹ کے منظوری کے بغیرایک درجن سے زائد ریٹائر افراد کو بھرتی کیے جانے کی خبرشائع کی تھی۔




گورنرسیکریٹریٹ نے اس خبر پرنوٹس لیتے ہوئے جامعہ کراچی کوجاری کردہ خط میں کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ روزنامہ ''ایکسپریس''میں شائع ہونیوالی متعلقہ خبرپراپنا جواب پیش کرے علاوہ ازیں دیگر تمام جامعات کوجاری کیے گئے ایک علیحدہ خط میں کہاگیاہے کہ سرکاری جامعات میں ریٹائرہونیوالے ملازمین کی بلااجازت بھرتیوں کاسلسلہ جاری ہے۔

سندھ کی جامعات کے وائس چانسلرکوحاصل ''ایمرجنسی پاورز''ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کودوبارہ بھرتی کرنے کی اجازت نہیں دیتی، خط میں 14دسمبر2012کی وائس چانسلرکے ایک اجلاس کابھی حوالہ دیاگیاہے جس میں اس حوالے سے قواعد وضوابط طے کیے گئے تھے۔
Load Next Story