پاکستان اوربھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف تجارتی عمل بحال

دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول پرفوجیوں کی ہلاکت کے بعد کشیدگی نے تجارت کو بری طرح متاثر کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول پرفوجیوں کی ہلاکت کے بعد کشیدگی نے تجارت کو بری طرح متاثر کیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارت کے درمیان 20 دنوں کے تعطل کے بعد تجارت کا دوبارہ آغاز ہو گیا اس سلسلے میں پاکستان سے سامان سے لدے 6 ٹرک مقبوضہ کشمیرپہنچ گئے۔

لائن آف کنٹرول پرکشیدگی کے بعد پاکستان اوربھارت کے درمیان جہاں بس سروس معطل کردی گئی تھی وہیں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی عمل بھی رک گیا تھا جس کے باعث دونوں ممالک کے تاجروں کو بہت زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑا، آزاد کشمیر میں تاجروں کی ایسوسی ایشن کے سربراہ کاشان مسعود نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے نتیجے میں تاجروں کو کافی نقصان ہوا،ہم نے بھارت سے ٹماٹر اور دیگر سبزیاں منگوانے کے آرڈر دیئے تھے مگر تجارتی عمل رکنے سے وہ تمام سبزیاں سڑ گئیں جس کے باعث 3 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔



پاکستان اور بھارت کے مشترکہ چیمبر آف کامرس کے ایک بھارتی رکن کشن سنگھ نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا لیکن ان کا کہنا تھا کہ ہم کافی نقصان برداشت کر چکے ہیں اور ہمیں ڈر ہے کہ آئندہ بھی کسی تنازع یا کشیدگی کی صورت میں ہمیں دوبارہ ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

لائن آف کنٹرول پرکشیدگی کے بعد معطل کی گئی بس سروس بھی دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ روز ہی بحال ہوئی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story