کلبھوشن کیس کی جلد سماعت کی یقین دہانی

کلبھوشن کی پھانسی رکوانے کا بھارتی خواب چکنا چور ہو جائے گا

کلبھوشن کی پھانسی رکوانے کا بھارتی خواب چکنا چور ہو جائے گا ۔ فوٹو: فائل

عالمی عدالت برائے انصاف کے صدر جسٹس روہنی ابراہم سے پاکستان و بھارت کے وفود نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملہ پر ملاقات کی اور کیس کی جلد سماعت کی یقین دہانی کرائی۔ جمعرات کو ہونے والے اجلاس کا مقصد کیس کے طریقہ کار کے بارے میں تبادلہ خیال کرنا تھا، اس دوران پاک بھارت وفود نے عالمی عدالت کے سربراہ سے کلبھوشن کیس کی ٹائم لائن پر مشاورت کی اور جواب جمع کروانے اور دلائل دینے کے لیے معاملات بھی طے کیے۔ اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستانی وفد کی سربراہی اٹارنی جنرل اوشتر اوصاف علی نے کی، جب کہ دیگر ممبران میں داکٹر محمد فیصل، احمد عرفان اسلم اور پاکستانی وکیل خاور قریشی شامل تھے۔


بلاشبہ عالمی عدالت میں مکمل سماعت کے لیے پاکستان کو شواہد اور دلائل کی بنیاد پر کلبھوشن کیس میں پاکستانی موقف کا بھرپور دفاع کرنا ہو گا، یہ کیس اپنے مضمرات اور نتیجہ کے حوالہ سے اس لیے کثیر جہتی ثابت ہو سکتا ہے کہ ایک طرف عالمی عدالت کے صدر نے جوابات، شواہد اور معروضات جمع کرانے کے لیے درکار وقت کے حوالہ سے فریقین کا موقف طلب کیا جب کہ اٹارنی جنرل نے کیس کی جلد سماعت پر زور دیتے ہوئے عالمی عدالت کے صدر کو پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا کہ عدالت کے بینچ میں کلبھوشن کیس کی سماعت کے دوران پاکستان کا ایک ایڈ ہاک جج شرکت کریگا، اگرچہ حکومت پاکستان پُر اعتماد ہے کہ بھارت عالمی عدالت سے کلبھوشن کو رہا کروانے کا فیصلہ حاصل نہیں کر سکتا تاہم اس رجائیت پسندی اور ہائپوتھیسس کے باوجود پاکستان عالمی عدالت کے سامنے ٹھوس شواہد، ناقابل تردید حقائق و دلائل کی بنیاد پر بھارتی قانونی چالیں ناکام بنا سکتا ہے۔

پاکستانی ماہرین قانون کو عدالت کے اختیار سماعت کو چیلنج کرنے کے ساتھ ساتھ بھارتی استدلال اور کلبھوشن کو معصوم بھارتی شہری ثابت کرنے کی قانونی موشگافیوں کے ہر پہلو کو شواہد کی ٹھوس بنیادوں پر غیر موثر ثابت کر کے استدلالی سبقت حاصل کرنا ہو گی، چنانچہ عدالت کے سامنے کلبھوش کی دہشتگردانہ کارروائیوں، ہولناک جاسوسی نیٹ ورک اور شورش زدہ بلوچستان میں ''را'' کے ایجنڈہ کے تحت سرگرمیوں میں ملوث ہونے میں مجرم کے اعترافی ویڈیو کی عدالت مں اسکریننگ یقینی بنائی گئی تو کلبھوشن کی پھانسی رکوانے کا بھارتی خواب چکنا چور ہو جائے گا۔
Load Next Story