سرمائے کا انخلا اسٹاک مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے رہے

مزید 4 حدیں گرنے سے انڈیکس 49520 پرآگیا،سرمایہ کاروں کے مزید74 ارب 50 کروڑ روپے ڈوب گئے

کاروباری حجم22فیصدکم،20 کروڑ85 لاکھ سودے،348 کمپنیوں میں سے231 کے دام گرگئے،95 کے بھاؤ میں اضافہ۔ فائل فوٹو

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی محدود کاروباری سرگرمیوں اور سرمائے کے انخلا پردباؤ بڑھنے کے باعث مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی49900، 49800، 49700، 49600 پوائنٹس کی مزید 4 حدیں بیک وقت گرگئیں۔


ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر3 پوائنٹس کا اضافہ بھی ہوا لیکن حصص کی آف لوڈنگ پر رحجان غالب ہونے اور سرمایہ کاری کے بیشترشعبوں کی مارکیٹ میں عدم دلچسپی جیسے عوامل کے باعث بیشتر کاروباری دورانیے میں مارکیٹ بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس431.41 پوائنٹس کی کمی سے49520.92 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس242.50 پوائنٹس کی کمی سے25842.37 ، کے ایم آئی30 انڈیکس 625.30 پوائنٹس کی کمی سے 85335.55 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 172.70 پوائنٹس کی کمی سے24280.40 ہوگیا۔

دوسری جانب کاروباری حجم جمعرات کی نسبت22.40 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 20 کروڑ85 لاکھ73 ہزار270 حصص سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار348 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں95 کے بھاؤ میں اضافہ 231 کے داموں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں جوبلی لائف انشورنس کے بھاؤ28 روپے بڑھ کر800 روپے اور ایبٹ لیبارٹری کے بھاؤ25.33 روپے بڑھ کر969.70 روپے ہوگئے جبکہ باٹا پاکستان کے بھاؤ178.60 روپے کم ہوکر3620 روپے اور وائتھ پاکستان کے بھاؤ59.50 روپے کم ہوکر2225 روپے ہوگئے۔
Load Next Story