افغانستان نے سینٹرل ایشیا جانیوالی پاکستانی کنسائمنٹس روک دیں

پھل اور سبزی کے 200 سے زائد ٹرک تین روز سے پھنسے ہیں، ایکسپورٹرز کو بھاری نقصان کا سامنا۔

پھل اور سبزی کے 200 سے زائد ٹرک تین روز سے پھنسے ہیں، ایکسپورٹرز کو بھاری نقصان کا سامنا۔ فوٹو: فائل

افغان حکام نے پاکستان سے سینٹرل ایشیا جانیوالی برآمدی کنسائمنٹس روک دی ہیں جس سے پاکستان سے کروڑوں روپے مالیت کے پھل اور دیگر خوردنی اشیا چمن بارڈر پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔

آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل امپورٹرز ایکسپورٹرز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید احمد کے مطابق افغانستان کے راستے سینٹرل ایشیائی ریاستوں کو ایکسپورٹ کیے جانیوالے کروڑوں روپے مالیت کے کینو اور آلو کی کنسائمنٹ تین روز سے چمن بارڈر پر پھنسی ہوئی ہے اور بھاری مالیت کے پھل اور سبزیاں تلف ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان کے راستے سینٹر ایشیا جانے والے پھل اور سبزی کے 200 سے زائد ٹرک تین روز سے پھنسے ہوئے ہیں افغان حکام نے بغیر کوئی وجہ بتائے یہ کنسائمنٹ افغانستان کی حدود سے گزرنے پر پابندی عائد کردی ہے جس سے کینو کے ایکسپورٹرز، پراسیس فیکٹریوں اور کاشتکاروں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔

انہوں نے وفاقی وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ فی الفور معاملے کو سرکاری سطح پر اٹھایا جائے اور کروڑوں روپے مالیت کی کنسائمنٹ کو ضایع ہونے سے بچایا جائے۔ ادھر پاک افغان مشترکہ چیمبر آف کامرس کے نائب صدر انجینئر داروخان کے مطابق افغان حکام کی جانب سے پاکستانی کنسائمنٹ روکے جانے پر پاک افغان چیمبر آف کامرس نے حکومت کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔




پاک افغان چیمبر آف کامرس کے صدر زبیر موتی والا کی کاوشوں سے وفاقی وزارت تجارت نے افغان ٹرانزٹ کیلیے ٹی ون فارم پر گارنٹی ریلیز کرنے کی اجازت دے دی ہے ساتھ ہی گارنٹی کی لمٹ میں بھی اضافہ کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت تجارت کی جانب سے اس کا نوتیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس سے پاک افغان تجارت میں کافی سہولت مہیا ہوگی، انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے افغانستان جانے والی ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کی وجہ سے افغانستان کو تجارتی سامان کی ترسیل معطل تھی جو آئندہ دو روز میں بحال ہوجائیگی۔

ایف بی آر نے ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے افغان ٹرانزٹ کے لیے بانڈڈ کیئریر کی شرط میں نرمی کرتے ہوئے اوپن پول سے گاڑیاں افغان ٹرانزٹ کیلیے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے جس سے افغان ٹرانزٹ سمیت پاک افغان ٹرانزٹ کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔
Load Next Story