ارجنٹائنی فٹبالر کا میچ میں حریف کھلاڑیوں کو سوئیاں چبھونے کا اعتراف

فیڈریکو الینڈے کو پیسیفیکو کلب کی جانب سے معطل کیے جانے کا امکان

بڑے کلبز کے خلاف کامیابی کیلئے آپ کو خلاف ضابطہ کھیل پیش کرنا پڑتا ہے، فیڈریکو الینڈے۔ فوٹو: انٹرنیٹ

ارجنٹائنی فٹبالر نے میچ کے دوران حریف کھلاڑیوں کو سوئیاں چبھونے کا اعتراف کرلیا۔

لوئر ڈویژن کے کلب اسپورٹ پیسیفیکو کے دفاعی کھلاڑی فیڈریکو الینڈے نے ریڈیو انٹرویو کے دوران اعتراف کیا کہ انہوں نے حریف کلب اسٹوڈینٹس کے اسٹرائیکر جان اوٹیرو کو کئی مرتبہ سوئی چبھوئی اور بالکل بے بس کر دیا۔ اس اعتراف کے نتیجے میں فیڈریکو الینڈے کو پیسیفیکو کلب کی جانب سے معطل کیے جانے کا امکان ہے۔


فیڈریکو الینڈے نے کہا کہ بڑے کلبز کے خلاف کامیابی کیلئے آپ کو خلاف ضابطہ کھیل پیش کرنا پڑتا ہے اور جیتنے کیلیے چالاکی دکھانا پڑتی ہے۔

ادھر کولمبین اسٹرائیکر جان اوٹیرو نے کہا کہ الینڈے نے مجھے کئی مرتبہ سوئی چبھوئی جس کی میں نے ریفری سے شکایت بھی کی تھی۔

پیسیفیکو کے صدر ہیکٹر مونکاڈا نے اپنے کلب کے کھلاڑی کی اس نامناسب حرکت پر فیڈریکو الینڈے کو معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس اقدام سے سخت مایوسی ہوئی، جس کے نتیجے میں ٹیم کی تمام کوششوں پر پانی پھر گیا۔
واضح رہے کہ پیسیفیکو نے اسٹوڈینٹس کو 3-2 سے اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔
Load Next Story