ہار کا ملبہ پچ پر گرانے والے انگلش قائد کی کھچائی

مورگن بہانے بازی نہ کریں، پاکستان نے صاف شفاف کامیابی حاصل کی،وقار یونس

میزبان ٹیم نے بزدلانہ کرکٹ کھیلی،وکٹ پر تنقیدگرین شرٹس کی توہین ہے،وان۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
چیمپئنز ٹرافی سیمی فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا ملبہ پچ پر گرانے والے ایون مورگن کی سابق کرکٹرز نے کھچائی کردی۔

کارڈف میں کھیلے گئے چیمپئنزٹرافی سیمی فائنل میں پاکستان سے شکست کے بعد انگلش کپتان ایون مورگن نے سارا ملبہ پچ پر گرا دیا، ان کا کہنا تھا کہ انھیں استعمال شدہ وکٹ پر کھیلنا پڑا جو مشکل ثابت ہوئی، مورگن کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں پہلے ہی بتا دیا گیا تھا کہ وہ استعمال شدہ وکٹ پر کھیلیں گے جس سے وہ ہم آہنگ نہ ہوسکے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ میزبان سائیڈ ہونے کے باوجود انھیں ہوم ایڈوانٹیج حاصل نہیں تھا، مورگن نے کہا تھا کہ آئی سی سی کو اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ اس کے ٹورنامنٹ میں ہوم ایڈوانٹیج ہونا چاہیے یا نہیں، اگر وہ اپنے ایونٹس کیلیے نیوٹرل گراؤنڈ بناتے ہیں تو پھر ہمیں اس کی مطابق خود کو تیار کرنا چاہیے۔


ان کے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس نے کہا کہ مورگن وکٹ کے حوالے سے بہانے بازی بند کریں، انھیں پاکستان نے صاف شفاف انداز میں شکست دی ہے۔

مورگن کے اس بیان پر سابق انگلش کپتان ناصرحسین نے بھی ناخوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے شکست پرکارڈف کی پچ پر بہت بات ہوئی مگر میرے نزدیک اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے، یہ دراصل پاکستان کی توہین ہے جس نے کنڈیشنز کا بہترین استعمال کرتے ہوئے شاندار کھیل پیش کیا۔

ناصر حسین نے مورگن اور ان کی ٹیم کو بزدلانہ کھیل پیش کرنے کا طعنہ بھی دے دیا۔ انھوں نے کہاکہ انگلش کوچ ٹریور بیلس نے ہمیشہ ہی اسمارٹ کرکٹ کی تلقین کی نہ کہ خالی جوش و خروش کا مظاہرہ کرنے کو کہا، پلیئرز نے جس کھیل کا مظاہرہ کیا وہ سب کچھ ہوسکتا ہے مگر اسے اسمارٹ کرکٹ نہیں کہا جا سکتا، حقیقت تو یہ ہے کہ انھوں نے بزدلانہ کرکٹ کھیلی ہے۔
Load Next Story