پاکستان کے کم بیک نے بھارتی قائد کو بھی حیران کردیا

پہلے معرکے میں شکست کے بعدمضبوط ٹیموں کو روند کر گہرا تاثر چھوڑا، کوہلی

کارکردگی کا خوف سوارکرنے کے بجائے بہترین صلاحیتوں کے اظہار پر توجہ دینگے۔ فوٹو: اےا یف پی

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے کم بیک نے بھارتی کپتان کو بھی حیران کردیا۔

میڈیا سے بات چیت میں کوہلی نے کہا کہ ایونٹ کے پہلے میچ میں بدترین شکست کے بعد لگاتار تین کامیابیاں حاصل کر کے فائنل میں پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی حیران کن رہی،میں اس کم بیک سے بہت متاثر ہوا، گرین شرٹس نے چیزوں کو یکسر بدل کر رکھ دیا اور ان ٹیموں کو بھی شکست دی جو ان کے مقابلے میں بہت مضبوط نظر آرہی تھیں۔


بھارتی کپتان نے کہا کہ پاکستان بحیثیت ٹیم گراؤنڈ میں جس طرح کی کارکردگی دکھا رہا ہے اس میں ایک یقین اور اعتماد واضح ہے لیکن ہم اس بارے میں زیادہ نہیں سوچیں گے۔ کوئی خوف سوار کیے بغیر فائنل میں وہی کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے جو اب تک کھیلا ہے، حریف کی خامیوں اور خوبیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پلان بنائیں گے تاکہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین اظہار کرسکیں۔

کوہلی نے کہا کہ ٹاپ آرڈر سے ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں، اس میچ کو آسان لینے کے بجائے بھرپور تیاری سے میدان میں اتریں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ایونٹ کے پہلے میچ میں فتح کا فیصلہ کن معرکے سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، ہم نے یہاں چند اہم اپ سیٹ ہوتے دیکھے ہیں۔
Load Next Story