اسٹیٹ بینک نے ری فنانس ریٹ میں 01 فیصد کمی کردی

کمی ایک ماہ میں دوسری بار کی گئی، اس سے قبل ریٹ 0.2 فیصد گھٹایا گیا تھا۔

نیا مارک اپ ریٹ واجب الادا قرضوں پر بھی لاگو ہوگا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان۔ فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایکسپورٹ فنانس اسکیم (EFS) کے تحت ری فنانس ریٹ میں 0.1 فیصد کمی کردی ہے۔

یہ ایک ماہ کے دوران اسٹیٹ بینک کی جانب سے ریٹ میں کمی کا دوسرا اعلان ہے۔ اس سے قبل ری فنانس ریٹ 0.2 فیصد گھٹایا گیا تھا۔ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مزید ہدایات تک یکم فروری 2013 سے ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت ری فنانس ریٹ 8.20 فیصد سالانہ ہوگا۔




آج اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک سرکلر میں کہا گیا کہ کمرشل بینک اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت برآمد کنندگان کو جاری کردہ فنانسنگ کی سہولتوں میں مارجن/اسپریڈ ایک فیصد سالانہ سے تجاوز نہ کرے۔گھٹایا گیا نیا مارک اپ ریٹ ای ایف ایس کے تحت دیے گئے واجب الادا قرضوں پر بھی لاگو ہوگا۔

چنانچہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ گھٹائے گئے مارک اپ ریٹ کے مطابق ای ایف ایس کے تحت دیے گئے واجب الادا قرضوں کو فوری طور پر re-price کرلیں۔ اس کے ساتھ ہی ایس بی پی بی ایس سی کے دفاتر بھی ای ایف ایس کے تحت دیے گئے واجب الادا قرضوں پر گھٹائے گئے مارک اپ لاگو کریں گے۔
Load Next Story