اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی تنخواہوں میں20فیصد اضافہ

چیف جسٹس کی تنخواہ 5لاکھ37ہزارہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی 4.98لاکھ ہوگئی

اضافہ یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگا،صدر نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر منظوری دی فوٹو: فائل

صدر مملکت نے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی تنخواہوں اور جوڈیشل الائونس میں20 فیصد اضافے کی منظوری دیدی ہے۔

صدارتی ترجمان کے مطابق صدر نے یہ اضافہ وزیراعظم کی سفارش پر کیا ہے۔ اس اضافے سے چیف جسٹس آف پاکستان کی تنخواہ پانچ لاکھ37 ہزار 865 روپے جبکہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تنخواہ4 لاکھ 98 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ اس سے قبل چیف جسٹس سپریم کورٹ کی تنخواہ4 لاکھ 48 ہزار221 روپے تھی جبکہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تنخواہ چار لاکھ25 ہزار روپے تھی۔




حالیہ اضافے سے سپریم کورٹ کے دیگرججوں کی تنخواہیں پانچ لاکھ8 ہزار97 روپے ہو گئی ہیں، اس سے قبل ان کی تنخواہیں چار لاکھ23 ہزار 414 روپے تھیں جبکہ جوڈیشل الائونس دو لاکھ 35 ہزار 463 روپے ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے جوڈیشل الائونس ایک لاکھ 96 ہزار روپے تھا۔ ہائیکورٹس کے ججوں کی تنخواہ بڑھ کر4لاکھ 79ہزار 336روپے ہو گئی ہے۔ یہ اضافہ یکم جولائی2012ء سے نافذ العمل ہوگا۔
Load Next Story