قلات میں آپریشن بی ایل اے کا کمانڈر 6ساتھیوں سمیت ہلاک

عوام کی نشاندہی پر ایف سی کی کارروائی، کمانڈر آبادگاروں کے قتل، بم دھماکوں اور اغوا برائے تاوان کے جرائم میں ملوث تھا

عوام کی نشاندہی پر ایف سی کی کارروائی، کمانڈر آبادگاروں کے قتل، بم دھماکوں اور اغوا برائے تاوان کے جرائم میں ملوث تھا فوٹو: ایکسپریس/ فائل

فرنٹیئر کور کا قلات کے علاقے منگوچر میں سرچ آپریشن، کالعدم تنظیم بی ایل اے کا کمانڈر 6ساتھیوں سمیت جاں بحق ہو گیا متعدد افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

آپریشن کے خلاف لواحقین اور خواتین کا احتجاج، قومی شاہراہ 5گھنٹے بند رکھی، ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے دیگر واقعات میں گیس کمپنی کے اسسٹنٹ منیجر سمیت 3افرادجاں بحق اور 6زخمی ہوگئے مشتبہ شخص گرفتار، تین افراد کو اغواکرلیا گیا، ایف سی نے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے قبضے میں لے لی، فرنٹیئرکورکے ترجمان کے مطابق فرنٹیئرکور بلوچستان نے صوبائی حکومت کی ہدایت اور علاقے کی عوام کی نشاندہی پر دہشت گردوں اور شرپسندوں کے خلاف قلات کے علاقے منگوچر میں سرچ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم بی ایل اے کا ایک کمانڈر اپنے ساتھیوں سمیت مارا گیا جبکہ اس کے متعدد ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ بی ایل اے کمانڈر کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں آبادکاروں کی ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں، اغوا برائے تاوان ودیگر جرائم میں ملوث تھا اس کارروائی کے مثبت اثرات دیگر شہروں اور بالخصوص کوئٹہ میں بھی مرتب ہونگے اور امن وامان میں بہتری آئیگی۔




پولیس کے مطابق جمعرات کوکوئٹہ کے علاقے جیل روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک حجام کی دکان پر فائرنگ کردی جس سے دکان مالک رشید احمد جاں بحق اور سوئی سدرن گیس کمپنی کا اسسٹنٹ مینجر عبدالعزیز مندوخیل شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ بعدازاں جاں بحق ہوگیا، سبی سے نمائندے کے مطابق نوتال میں قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔

کوہلو سے نمائندے کے مطابق دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم میں دو افراد نصیرخان اور جلال الدین زخمی ہوگئے، ایف سی نے کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ پر چیکنگ کے دوران مشتبہ شخص شیر عالم کو گرفتارکرلیا جس سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، قلات سے نمائندے کے مطابق مین بازار سے نامعلوم مسلح افراد تین نوجوانوں کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے۔
Load Next Story