مجوزہ صوبے کیخلاف ملتان بہاولپور ڈیرہ غازی خان میں مظاہرے

ڈیرہ میں سرائیکی پارٹیزالائنس کی ہڑتال، ریلی نکالی گئی، حکومت صوبہ ہزارہ کے وعدہ سے مکر گئی،سردار یوسف

بہاولپور: امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی بہاولپور صوبے کی بحالی کے لیے منعقدہ مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

مجوزہ صوبے بہاولپور جنوبی پنجاب کیخلاف ن لیگ، نیشنل عوامی پارٹی بہاولپور اور سرائیکی پارٹی نے ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں۔

مجوزہ بہاولپور جنوبی پنجاب صوبہ کیخلاف ملتان میں مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین نے احتجاجی ریلی نکالی جبکہ ڈبل پھاٹک پر لیگی کارکنوں نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ڈیرہ غازیخان میں مسلم لیگ(ن) نے احتجاجی ریلی نکالی جس میں ایم پی اے میر بادشاہ قیصرانی' سردار حسام کھوسہ' مسز شہناز سلیم ملک' سابق تحصیل ناظم عاصم زبیر کھوسہ سمیت سیکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ میر بادشاہ قیصرانی نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان اور راجن پور بلوچستان کا حصہ ہیں۔ حسام کھوسہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ ملتان اور ڈیرہ غازیخان پر مشتمل ہونا چاہئے یہی ہماری پارٹی پالیسی ہے۔

ادھر بہاولپور میں جامع مسجد الصادق سے فرید گیٹ تک ریلی نکالی گئی جو جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔اس موقع پر امیر آف بہاولپور اور نیشنل عوامی پارٹی کے سربراہ نواب صلاح الدین عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نامنظور ہے' پیپلز پارٹی نے بینظیرکے صوبہ بحالی کے وعدے کا پاس نہیں رکھا، میں نے بہاولپور صوبہ بحالی کے حوالے سے اذان دیدی ہے، اہل بہاولپور اپنی صفیں درست کرلیں، صوبہ ہر صورت میں بحال کرائیں گے، پہلے ن لیگ نے قرارداد پاس کی، پیپلز پارٹی نے کمیشن بنایا بعد میں دونوں بڑی جماعتیں اپنے وعدوں سے منحرف ہو گئیں۔ سابق وفاقی وزیر فاروق اعظم ملک نے کہا کہ ہم اپنا حق چھیں لیں گے۔




دریں اثناء صادق آباد سے ہزاروں افراد کے قافلہ ریلی میں شرکت کیلئے پہنچا۔علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد کی روشنی میں بہاولپور صوبہ کی بحالی اور جنوبی پنجاب پر مشتمل نیا صوبہ بنانے کیلئے مسلم لیگ(ن) کی جانب سے آج رحیم یارخان میں ریلی نکالی جائیگی۔ ادھر مجوزہ صوبہ بہاولپور جنوبی پنجاب کیخلاف ہائیکورٹ بار بہاولپور ' ڈسٹرکٹ بار بہاولپور اور بار ایسوسی ایشن احمد پور شرقیہ نے مکمل ہڑتال کی جو آج بھی جاری رہیگی۔ وکلاء نے کہا کہ ہم کسی صورت بہاولپور جنوبی پنجاب صوبہ قبول نہیں کرینگے۔

دریں اثناء سرائیکی صوبہ میں ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کو شامل نہ کرنے کیخلاف سرائیکی پارٹیزالائنس کے زیر اہتمام ڈی آئی خان میں دوگھنٹے کی شٹرڈائون ہڑتال کی گئی اور ٹائون ہال سے توپانوالہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ خضرحیات ڈیال'ظفرعباس درانی ودیگر نے کہا کہ تخت پشاور نے ہمیشہ سرائیکیوں کا استحصال کیا ہے، نئے سرائیکی صوبے میں ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کو شامل کیا جائے ورنہ ملک گیر احتجاج کرینگے۔

علاوہ ازیں چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار یوسف ،اعجازدرانی ودیگر نے پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت ہزارہ کو صوبہ بنانے کے وعدوںسے مکر گئی ہے، ہزارہ عوام نے خون کے نذرانے پیش کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے مطالبہ سے دستبردار نہیں ہونگے، صدر زرداری اور سابق وزیراعظم گیلانی نے وعدہ کیا تھاکہ ہزارہ کا قیام حکومت جلد عمل میں لائیگی مگر اب حکومت اپنے وعدوں سے مکر گئی ہے۔
Load Next Story