عدلیہ اپنی آئینی حد سے تجاوز نہ کرے فاروق نائیک

انتخابات ملتوی کرانیکی سازشں جاری ہے،الیکشن کی تاریخ کا اعلان صدر زرداری کریں گے

آزاد الیکشن کمیشن کا سہرا پارلیمنٹ کو جاتا ہے، سرکاری وکلا کا اجلاس طلب۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ عدلیہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 175کے تحت قانونی و آئین کے پابند ہے۔

وہ اس کے مطابق کام کرے اگر وہ آئینی اور قانونی حدود سے تجاوز کریں گے اور اپنی نئی حدود بنائیں گے اور دوسرے اداروں کے اختیارات کو خود استعمال کریں گے تو ملک میں ایسے حالات پیدا ہوںگے جس سے جمہوریت نہیں چل سکے گی۔ کراچی بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرقانون نے کہا کہ انتخابات ملتوی کرانے کی سازشں کی جارہی ہے،اس قسم کی سازشیں حکومت کے خلاف بھی ہورہی ہیں ،الیکشن کی تاریخ کا اعلان صدرآصف زرداری کریں گے جس کے بعدالیکشن کمیشن شیڈول کا اعلان کرے گا۔

پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتیں انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنائیں گی، ایک شخصیت کی بجائے اداروں کو مضبوط بنایا جائے۔ آزاد الیکشن کمیشن کا سہرا پارلیمنٹ کو جاتا ہے۔ الیکشن کمیشن کے حوالے سے یہ کہناکہ وہ اقتدار میں موجود سیاسی جماعتوں کے زیر اثر ہے غلط ہے۔




وفاقی وزیر قانون نے کراچی بار کو ڈیڑھ کروڑ کا چیک بھی دیا ان کا کہناتھا کہ جلد وعدے کے مطابق 50لاکھ اور2 کوسٹر گاڑیاںبھی دی جائیں گی۔

بعدازاں وفاقی وزیر قانون سے پبلک پراسیکیوٹرز کے وفد نے سید شمیم احمد کی سربراہی میں کراچی بار میں ملاقات کی اور سرکاری وکلاکو درپیش مسائل سے آگاہ کیاوفد کے سربراہ شمیم احمد نے کہا کہ سرکاری وکلا کو حکومتی سطع پر کوئی تحفظ نہیں ہے، دفاتر نہیں دیے گئے وہ عدالتوں کے برآمدوں میں بیٹھتے ہیں، انھوں نے تنخواہوں و دیگر مسائل کی طرف توجہ دلائی جس پر فاروق ایچ نائیگ نے کہا کہ سرکاری وکلا جوڈیشری کیلیے اہم کردار اداکرتے ہیں،انھوںنے( آج) اتوار کو سہ پہر3 بجے سرکاری وکلا کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story