ملک میں عیدالفطر سادگی سے منائی گئی

عالم اسلام کے علاوہ دیگر ممالک کے اکابرین نے بھی مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔

عالم اسلام کے علاوہ دیگر ممالک کے اکابرین نے بھی مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ فوٹو؛ فائل

رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ اختتام پذیر ہونے کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں نے عیدالفطر کو شکرانہ رحمت کے طور پر منایا، عیدالفطر دنیائے اسلام کے لیے رحمتوں، برکتوں اور نعمتوں کا پیغام ہے، عید کا فلسفہ عجزو انکساری، محبت و الفت، خشوع وخضوع اور اتحاد و اتفاق کا عظیم عالمی مظاہرہ کرنا ہے۔

پاکستان میں اس سال پے درپے ہونے والے حادثات و سانحات کے تناظر میں مختلف پلیٹ فارمز پر عید سادگی سے منانے کی اپیل کی گئی تھی، عید سے محض ایک روز قبل احمد پور شرقیہ میں ہونے والے بدترین آتشزدگی کے واقعے میں 150 افراد کی ہلاکت پر پوری قوم مغموم ہے، جب کہ پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کی وارداتوں نے پوری قوم کو سوگوار کردیا تھا، جس کے باعث پوری قوم نے دکھی گھرانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر عیدالفطر سادگی سے منائی۔


عید سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ غمزدہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عید سادگی سے منائیں گے، جب کہ صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے بھی عیدالفطر کے موقع پر عالم اسلام اور اہل پاکستان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ کا عالمی تہوار عیدالفطر تمام عالم انسانیت کے لیے محبت اور اخوت کا پیغام ہے، عید پر دہشت گردی کے شکار پاکستانیوں کو یاد رکھیں، ہمیں اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔

وزیراعظم کا یہ عزم صائب ہے کہ ہمیں ان عناصر کو ناکام بنانا ہے جو پاکستان کو مسلسل عدم استحکام اور فساد میں مبتلا رکھنا چاہتے ہیں، ہمیں سیاسی و مذہبی انتہا پسندی، دہشت گردی اور فساد کی قوتوں کے خلاف متحد ہونا ہے۔ واضح رہے کہ عید سے قبل دو دنوں کے دوران پارہ چنار، کوئٹہ اور کراچی میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے واقعات پیش آئے۔ دہشت گرد و شرپسند عناصر مزدوروں اور پولیس اہلکاروں پر حملے کرکے انتشار پھیلانا چاہ رہے ہیں جنھیں منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے۔

عید پر ممکنہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اسی وجہ سے یہ ایام امن و عافیت کے ساتھ گزر گئے۔ عالم اسلام کے علاوہ دیگر ممالک کے اکابرین نے بھی مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے تمام مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دی، جب کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ملک سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو اردو زبان میں عید کی مبارک باد پیش کی۔ اس عید کو سادگی سے منانے کے علاوہ پوری قوم کو متحد ہوکر دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا تاکہ شرپسند عناصر ہماری آنے والی خوشیوں کو سبوتاژ نہ کرسکیں۔
Load Next Story