عراق کرکوک کے پولیس ہیڈ کوارٹرمیں خودکش دھماکا35ہلاک80زخمی

میرےتیسری مرتبہ وزیراعظم بننےپرپابندی نہیں لگائی جاسکتی،کچھ قانون سازملک کوآمریت کی طرف لیجاناچاہتےہیں، نوری المالکی.

بغداد:عراق کے شمالی شہر کرکوک میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر خودکش کار بم دھماکے کے بعد امدادی کارکن جمع ہیں،دھماکے میں عمارت تباہ ہوگئی۔ فوٹو: اے ایف پی

عراق میں پولیس ہیڈ کوارٹر پرخود کش کار بم دھماکے اور مسلح افراد کی فائرنگ سے 35 افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس جنرل کے مطابق عرا ق کے شمالی شہر کرکوک میں پولیس ہیڈ کوارٹر پرخود کش کار بم دھماکا کیا گیااور اْس کے بعدمسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی ، جس سے 35 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے ہیں۔ بریگیڈیئر جنرل نے کہا ہے کہ شدت پسند کمپاو نڈ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے ، لیکن ان کی کارروائی کو ناکام بنادیاگیا۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق حملہ اور پولیس کے وردی میں ملبوس تھے ، تاہم کسی گروپ نے ابھی تک حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

دریں اثناعراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے کہا ہے کہ ان کے تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق عراقی وزیراعظم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہاکہ میری بطور عراقی قائد ایوان اور وزیر اعظم ٹرم مقرر کرنے سے متعلق مسودہ قانون منظور نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ خلاف دستور ہے۔دستور کے مطابق قوانین کی منظوری وزیر اعظم یا صدر دیتا ہے۔




ہر دو میں سے کسی نے یہ قانون منظور نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل کورٹ بھی اس قانون کو منظور نہیں کر سکتی۔انہوں نے خبردار کیا کہ عراقی پارلیمان میں بیٹھے کچھ قانون ساز ملک کو امریت کی جانب دوبارہ لیجانا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ عراقی پارلیمنٹ میں ایک ہفتے قبل رائے شماری کے ذریعے ایک قانون منظور کرنے کا مطالبہ کیا گیا کہ جس میں موجودہ وزیر اعظم کے تیسری بار قائد ایوان منتخب ہونے پر پابندی لگائی جا سکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی نوری المالکی کے اختیارات محدود کرنے کی کوششیں ہوتی رہی ہیں۔ گزشتہ برس نومبر میں انہیں ایوان کی رکنیت سے محروم کرنے کی کوشش ناکام ہو چکی ہے۔
Load Next Story