کراچی میں ووٹرز لسٹوں کی 69 فیصد تصدیق مکمل

گھر گھر تصدیق کی مہم11فروری تک جاری رکھی جائے گی، صوبائی الیکشن کمشنر

ضلع وسطی میں 95فیصد اور ضلع ملیر میں 75فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے، افسران فوٹو: فائل

کراچی میں گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا عمل 69فیصد مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ نقائص سے پاک انتخابی فہرستوں کی تشکیل کیلیے 11فروری تک مہم جاری رکھیں گے۔

ضلع وسطی کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ندیم حیدر نے بتایا کہ ضلع وسطی میں انتخابی فہرستوں کی تصدیق کا عمل 95فیصد مکمل کیا جاچکا ہے اور امید ہے کہ آئندہ 2 روز میں یہ کام مکمل کرلیا جائے گا تاہم الیکشن کمیشن کو رپورٹ 11فروری کو جمع کرائی جائے گی، اس دوران الیکشن کمیشن ضلع وسطی کا عملہ انتخابی فہرستوں کو نقائص سے پاک بنانے کیلیے فہرستوں پر نظرثانی کیلیے ووٹرز سے رابطے میں رہے گا، جن گھروں پر تصدیق کنندگان کا ووٹرز سے رابطہ نہیں ہوسکا تھا ان کی تصدیق کیلیے عملہ باربار ان کے گھروں پر جائے گا اور انتخابی فہرستوں کو ہرلحاظ سے شفاف بنایا جائے گا۔




ضلع ملیر کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نوید عزیز نے بتایا کہ ضلع ملیر میں انتخابی فہرستوں کی تصدیق کا عمل 75فیصد مکمل کیاجاچکا ہے اور مقررہ وقت تک مہم مکمل کرلی جائے گی۔ صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور نے بتایا کہ کراچی کے پانچوں اضلاع میں گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا عمل مجموعی طور پر 69فیصد مکمل کیا جاچکا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story