فتح کے جشن میں بورڈ نے یونس اور مصباح کو بھلا دیا

اسٹار بیٹسمین کو دعوت نامہ نہ ملنے کا انکشاف، سابق کپتان کو بروقت اطلاع نہ ملی

ظہیر، میانداد، عبدالقادر، محسن سمیت سابق کرکٹرز کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔ فوٹو : فائل

فتح کے جشن میں پی سی بی نے یونس خان اور مصباح الحق کو بھلا دیا۔

چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کو انعامات دینے کیلیے وزیر اعظم ہائوس میں ہونے والے تقریب میں سیاسی مخالف عمران خان کو بلائے جانے کی تو کوئی توقع نہیں کررہا تھا،البتہ پاکستان کیلیے سب سے زیادہ رنز اور سنچریوں سمیت کئی ریکارڈز بنانے والے ورلڈ ٹوئنٹی 20کے فاتح کپتان یونس خان بھی کہیں نظر نہیں آئے تاہم ان کے قریبی دوست نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا کہ حال ہی میں ریٹائر ہونیوالے بیٹسمین کو دعوت نامہ ہی موصول نہیں ہوا۔

دوسری جانب بروقت اطلاع نہ کیے جانے پر پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ تاریخ کے سب سے کامیاب کپتان مصباح الحق بھی تقریب میں شریک نہیں ہوسکے، سینئر بیٹسمین ان دنوں ناروے میں لیگ میچ کھیل رہے ہیں۔


قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں ظہیر عباس، جاوید میانداد، عبدالقادر، محسن خان سمیت سابق کرکٹرز کی کمی بھی شدت سے محسوس کی گئی،سلیکشن کمیٹی کے ارکان انضمام ، توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی،وسیم حیدر کے ساتھ راشد لطیف اور محمد وسیم کی صورت میں ہی سابق کرکٹرز کی نمائندگی نظر آئی۔

علاوہ ازیں راشد اور وسیم بھی پی ٹی وی کی کمنٹری ٹیم کا حصہ ہونے کی وجہ سے موجود تھے، پی سی بی عہدیداروں، ان کی بیگمات، سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کی بڑی تعداد نے کرسیوں پر قبضہ جمائے رکھا، افسروں کی بڑی تعداد ایسی تھی جس کا کبھی کرکٹ سے دور دور تک واسطہ نہیں رہا۔

واضح رہے کہ بورڈ نے تقریب کیلیے50 افراد کو اسلام آباد لے جانے پر ایک کروڑ سے زائد رقم خرچ کی ہے۔
Load Next Story