امید ہے وزیر اعظم شہر کیلیے بڑی گرانٹ یا اسکیم کا اعلان کرینگے میئر کراچی

مسلم لیگ(ن)سے سٹی کونسل کی سطح پر اتحاد سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی، ن لیگ کے وفد سے ملاقات

نیب کے حوالے سے منظور ہونے والے بل کیخلاف ہیں، وزیر اعظم آئندہ چند ہفتوں میں کراچی کا دورہ کریں گے، بابو سرفراز فوٹو: فائل

KARACHI:
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ امید ہے وزیراعظم کراچی کیلیے کسی بڑی گرانٹ یا اسکیم کا اعلان کریں گے ، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سٹی کونسل کی سطح پر جو اتحاد قائم ہو رہا ہے وہ کراچی کے مسائل کوحل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

کراچی اور سندھ کے مسائل کے حل کیلیے مسلم لیگ (ن) نے پہل کی اور ہم نے اس کا خیرمقدم کیا ہے، یہ بات انھوں نے جمعہ کی صبح میئر کراچی سے ملاقات کے لیے آئے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر بابو سرفراز ، نائب صدر سعید اللہ خان آفریدی، ملک ریاض، عظمت انور مسعود، رانا احسان، جنرل سیکریٹری لائرز فورم سندھ اسلم بھٹو اور دیگر عہدیداران کے علاوہ ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین قانونی امور کمیٹی عارف خان ایڈوکیٹ، چیئرمین مالیات کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن محمود، سابق ٹائون ناظم ضلع غربی اظہار احمد خان، سابق ایم این اے فرحت خان اور دیگر افراد بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کو بلدیہ عظمیٰ کراچی آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔


کراچی کی موجودہ صورتحال اور شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے وفد سے جو بات چیت ہوئی وہ صوبہ سندھ کے ساتھ ساتھ کراچی کے لوگوں کے لئے بھی مستقبل میں بہت مفید ثابت ہو گی، کراچی کے مسائل کے حل کیلیے ہم نے تمام جماعتوں سے رجوع کیااور ان سے درخواست کی کہ شہر کے دیرینہ مسائل کے حل کیلیے آگے بڑھیں اور کراچی شہر کو جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتا ہے موجودہ شدید بحران سے نکالنے کیلیے اپنا کردار ادا کریں، ہمارے لیے یہ امر خوش آئند ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کے سب سے بڑے اور اہم شہر کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلیے پہل کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دیگر جماعتیں بھی کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمارا ہاتھ بٹائیں گی۔

اس موقع پر صوبائی صدر مسلم لیگ (ن)بابو سرفراز جتوئی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کچرے کو ٹھکانے لگانے، صفائی ستھرائی اور دیگر مسائل کے حل کیلیے میئر کراچی سے تبادلہ خیال کیاہے، میئر کراچی کی طرف سے شہر میں تعمیر و ترقی کے کاموں سے متعلق پیش کی گئیں بہت ساری اسکیمیں زیر غور ہیں، وزیراعظم پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں کراچی کا دورہ کریں گے اوراس سلسلے میں اہم پیشرفت ہوگی، انھوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں نیب کے حوالے سے منظور ہونے والے بل کیخلاف ہیں کیونکہ سندھ میں کرپشن ناسور بن چکی ہے۔

علاوہ ازیں میئر کراچی وسیم اخترسے پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل ساجد وزیر خان نے جمعہ کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ بلدیاتی قیادت اپنے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کے ایم سی کے مختلف محکموں کو فعال اور سرگرم بنایا جا رہا ہے،ریئر ایڈمرل ساجد وزیر خان نے شہری مسائل کے حل کیلیے میئر کراچی وسیم اختر کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کراچی کے شہری مسائل جلد حل ہوں گے اور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلیے جاری کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔
Load Next Story