کشمیر سے محبت کا عملی ثبوت دیا جائےفنکار

کشمیر صرف نعروں سے نہیں بلکہ حکومتی پالیسیوں کے ذریعے آزاد ہوگا، فنکاروں کے رائے

ہمیں چاہیے کہ فلموں اور ڈراموں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔، فنکاروں کی رائے۔ فوٹو : فائل

فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں، گلوکاروں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ کشمیر سے محبت کا عملی ثبوت دیا جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر بھارتی پراپیگنڈے کا جواب دینے کے لیے منصوبہ بندی ضروری ہے۔ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اداکارعدنان صدیقی نے کہا کہ اس دن کے موقع پر ہمارے سیاستدانوں اور مذہبی رہنمائوں نے روایتی بیانات تو سامنے آتے ہیں لیکن اگلے ہی روز ہم سب کچھ فراموش کردیتے ہیں۔


اگر ہم واقعی کشمیریوں سے محبت کرتے ہیں تو ان کے لیے کچھ نہ کچھ عملی طور پر کرکے دکھائیں۔ اداکارغلام محی الدین نے کہا کہ حکومت کو مؤثر پالیسی بنانا ہوگی۔ گلوکار فاخر نے کہا کہ بھارت نے عالمی سطح پر کشمیر کا ایشو نہایت مؤثر انداز میں اٹھایا ہوا ہے جب کہ ہماری کسی بھی حکومت نے اس سلسلے میں کچھ نہیں کیا۔ گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ کشمیر صرف نعروں سے نہیں بلکہ حکومتی پالیسیوں کے ذریعے آزاد ہوگا۔ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس میں اپنی قرار دادوں پر عمل کرائے۔ اداکارہ ثنا نے کہا حکومت کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم بارے عالمی فورم پر بات چیت کرے۔

پروموٹروپروڈیوسر یارمحمد شمسی نے کہا کہ اس سلسلے میں میڈیا سے وابستہ افراد پر سب سے بھاری ذمے داری ہوتی ہے ہمیں بھی یہ بات تسلیم کرنی چاہیے کہ ہم نے اپنی ذمے داری پوری طرح ادا نہیں کی۔ ہمیں چاہیے کہ فلموں اور ڈراموں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔
Load Next Story