حکومت زرعی شعبے کی ترقی کیلیے کوشاں ہےوزیر ماہی گیری

سیلاب، بارشوں کی تباہ کاریوں کے باوجود نمایاں اقدامات سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا، زاہد بھرگڑی

زرعی شعبے کی ترقی کے لیے مزید مراعات دی جائیں گی۔زاہد حسین بھرگڑی۔ فوٹو: ایکسپریس / فائل

سندھ کے وزیر برائے ماہی گیری زاہد حسین بھرگڑی نے کہا ہے کہ زراعت صوبہ سندھ کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے، جبکہ موجودہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی کے لیے سہولتیں اور مراعات بھی فراہم کر رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو زمینداروں اور آبادگاروں کے لیے حکومت سندھ کی طرف سے مراعات سے ٹریکٹروں کی فراہمی کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جوکہ وزیراعلیٰ ہائوس میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گندم، چاول اور گنے وغیرہ کی پیداوار سمیت مختلف فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لیے کئی ترغیبات دی ہیں جس کے نتیجے میں صوبہ سندھ اس وقت کئی اجناس برآمد کر رہا ہے۔ بھرگڑی نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاریوں کے باوجود نمایاں اقدامات کیے ہیں جس کے نتیجے میں پیداوار میں اضافہ ہی ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادگاروں کو رعایتی نرخ پر ٹریکٹروں کی فراہمی اس ترغیب سے دی جا رہی ہے کہ غذائی اجناس کی بوائی اور پیداوار میں نمایاں اضافہ ہو سکے۔




زاہد بھرگڑی نے محکمہ زراعت کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے مزید مراعات دی جائیں گی۔ اس سے قبل سندھ بینک کے صدر بلال احمد شیخ نے کہا کہ طے شدہ پروگرام کے تحت 15ہزار ٹریکٹر آبادگاروں /زمینداروں کو رعایتی قیمت پر فراہم کرنے ہیں جن میں سے آج پہلی قرعہ اندازی کے ذریعے 3 ہزار ٹریکٹر دیے جائیں گے جبکہ ایک ہفتہ کے بعد 6 ہزار مزید ٹریکٹر دینے کے لیے قرعہ اندازی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت نے بڑے ٹریکٹروں پرتین تین لاکھ اور چھوٹے ٹریکٹروں پر 2 2, لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے۔ آج جو کامیاب ہوئے ہیں ان کے نام اور نمبر اخبارات میں شائع ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ دو سال کے اندر ملک بھر میں 160 برانچیں قائم کی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ بینک کی برانچز میں 31 ارب روپے کی ڈپازٹس موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے سندھ بینک کا قیام صوبے کی عوام کی بہتری اور ترقی کے لیے کیا ہے اور یہ بینک سرمایہ کاروں، طالب علموں، ہنرمندوں اور کاروباری حضرات کے مزید مراعات فراہم کرے گی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر برائے آبادکاری مظفر حسین شجرہ، ایوان زراعت سندھ کے صدر سید ندیم قمر شاہ، سندھ آبادگار بورڈ کے چیئرمین حاجی عبدالمجید نظامانی اور دیگر نے کمپیوٹر کے ذریعے قرعہ اندازی کی۔ اس قرع اندازی میں 3 ہزار ٹریکٹر کے لیے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر قرع اندازی سرانجام دی گئی۔ تقریب میں زراعت سے وابستہ افراد، زمینداروں، صوبائی وزراء،اراکین سندھ اسمبلی اور محکمہ زراعت اور سندھ بینک کے افسران نے شرکت کی۔
Load Next Story