یوم یکجہتی کشمیر پر ریلیاں اقوام متحدہ سے مسئلہ حل کرانے کا مطالبہ

پاکستان اورمسلم دنیاکشمیر کی آزادی میں کردار ادا کرے، مذاکرات میں کشمیریوں کو شامل کیا جائے ، سیدعلی گیلانی

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں۔ فوٹو: محمد عظیم\ایکسپریس

یوم یکجہتی کشمیر ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جوش و خروش سے منایا گیا۔

جماعت اسلامی، جماعتہ الدعوۃ ، سنی اتحاد کونسل، سنی تحریک سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے تحت ریلیاں و اجتماعات منعقد ہوئے، آل پارٹیزحریت کانفرنس کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے جماعتہ الدعوۃ کے زیر اہتمام کراچی میں نکالے جانے والے یکجہتی کشمیر کاررواں میں مقبوضہ کشمیر سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیری قوم کا جذبہ حریت پہلے سے بڑھ چکا ہے۔

پاکستان اور مسلم دنیا کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کرے، ہندوستان سے تجارت نہیں بلکہ شہ رگ آزاد کرانے کی کوشش کی جائے،یکجہتی کشمیر کارواں سے جماعتہ الدعوۃ کراچی کے انجینئر نوید قمر، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یارخان، جے یو آئی (ف) کے مولانا عمرصادق، تحریک انصاف کے سیف الرحمٰن محسود اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے بھی خطاب کیا، جماعۃ الدعوۃ کراچی کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سفاری پارک تا کراچی پریس کلب تک یکجہتی کشمیر کارواں نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا کہ میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری دنیا کے مسلمانوں، کشمیریوں اور پاکستانی بھائیوں کو اس جلسے کے توسط سے یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تحریک آزادی کشمیر کیلیے اس دن کی معنوی اور علامتی اہمیت بہت زیادہ ہے ضرورت اس امر کی ہے جس طرح پاکستان میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔



وہ محض رسم نہ بن کر رہ جائے بلکہ 18 کروڑ پاکستانی عوام ہماری سفارتی و اخلاقی مدد کیلیے کمربستہ ہوں اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمان کی روشنی میں اس مسئلے کو شہ رگ کی حیثیت سے ہی دیکھیں ایک مسلم خطہ ہونے کی حیثیت سے عالم اسلام بالخصوص پاکستان پر یہ ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عالمی سطح پر کشمیر یوں کی مظلومیت کو اجاگر کرے اور مسلم ممالک کے سفارت خانے کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کریں، مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے،اس موقع پر حریت رہنما سید شبیر احمد شاہ، دختران ملت کی سربراہ آپا آسیہ اندرابی نے بھی ٹیلی فونک خطاب کیا۔


انجینئر نوید قمرنے کہا کہ کشمیری پرامن تحریک چلا رہے ہیں بھارت نے ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کر لی ہیں،جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا عمر صادق نے کہا کہ بھارت کے مظالم میں امریکا و اقوام متحدہ برابر کے شریک ہیں، جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ لاکھوں کشمیریوں کو شہید کرنے والے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا فیصلہ قوم قبول نہیں کرے گی بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے ، وہ بندوق کے زور پر کشمیریوں کو غلام نہیں بناسکتا، پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ ہے،کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

مسئلہ کشمیر پس پشت ڈال کر اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے دہرے معیار کا ثبوت دیا ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جیل چورنگی سے مزار قائد تک منعقد کی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سنی اتحاد کونسل پاکستان کی اپیل پر ملک بھرمیں مرکزی جے یوپی اور اے این آئی پاکستان کے زیر اہتمام ہندو سامراج کے کشمیر پر 65سال سے قبضے اور ظلم کیخلاف اور مظلوم نہتے کشمیریوں کی حمایت میں ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا،اس سلسلے میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم کی خصوصی ہدایت پر کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں جلسے جلوس،ریلیاں اور سیمینارز کا انعقاد ہوئے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مرکزی جے یوپی اور اے این آئی پاکستان کی مرکزی یکجہتی کشمیر ریلی کراچی پریس کلب تک نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ٰ طارق محبوب نے کہاکہ اسلحہ اور طاقت سے قوموں کے جذبہ آزادی کو کبھی دبایا نہیں جاسکا ،مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، ریلی سے مولانا فیصل عزیزی،مرکزی جے یوپی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علامہ محمد ناصرخان چشتی،علامہ اشرف گورمانی،مفتی شہزادقادری ،مفتی غلام مرتضیٰ مہروی،مولانامحمد سلطان خوشتر، مولاناایوب الرحمن اوکاڑوی، قاری محمد صدیق امیر و دیگر نے خطاب کیا۔

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک دشمن سامراجی قوتیں مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتی ہیں، اقوام متحدہ متعصبانہ عینک اتارکر کشمیری مسلمانوں کو آزادی دلائے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی ای سی ایچ ایس میں شہدائے عید میلاد النبیؐ و شہید محمد عباس قادری کے عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ثرو ت اعجاز قادری نے کہا کہ کشمیر کا بہترین حل مذاکرات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے تلاش کیا جاسکتا ہے، متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال کراچی میں کشمیر ڈے کے موقع پر منعقد ہونے والے مجلس مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے اقوام متحدہ کشمیریوں پر مظالم بند کرائے۔

مجلس مذاکرہ کی صدارت محاذ کے بانی و سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری نے کی جبکہ مجلس مذاکرہ سے مولانا انتظار الحق تھانوی، مفتی محمد اسلم نعیمی علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ عبداللہ غازی،علامہ عثمان غوری،اسرارعباسی ،اسلم خٹک ،انورشاہ کشمیری ،شاہد صابری و دیگر نے خطاب کیا ۔جماعۃ السنّہ پاکستان کے مرکزی رہنمائوں سید اشرف قریشی،مولانا عبدالوکیل ناصر اور سید عامر نجیب نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا آج تک حل نہ ہونا ہی حکومتی کشمیر پالیسی کی ناکامی کا بین ثبوت ہے ۔

علاوہ ازیں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن(آئی ایس او) پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرآل پارٹیز کانفرنس کا انعقادکیاگیا کانفرنس میں انصاف اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، المحمدیہ اسٹوڈنٹس مومنٹ، انجمن طلبہ اسلام اور مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنمائوں نے شرکت کی کانفرنس سے خطاب سے محمد عابدی اوردیگر نے خطاب کیا۔
Load Next Story