طالبان رہنما ٹارگٹ کلر سمیت 35ملزمان گرفتار دستی بم اسلحہ اور منشیات برآمد

تحسین اللہ محسود طالبان کے جرگے اور فیصلوں پر عمل کراتا تھا جبکہ لانڈھی سے مبینہ ٹارگٹ کلر بھی گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے 37 ملزمان کو گرفتار کر کے دستی بم ، اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

سی آئی ڈی آپریشن اور مختلف تھانوں کی پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے جرگے کے سربراہ اور ٹارگٹ کلرز بھائیوں سمیت37 ملزمان کو گرفتار کر کے دستی بم ، اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی سی آئی ڈی انویسٹی گیشن مظہر مشوانی اور ڈی ایس پی ملک ممتاز کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے سہراب گوٹھ اور کورنگی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تحسین اﷲ محسود ، نبی بخش ولد صادق ، عبد الحفیظ عرف گڈو ولد حبیب اﷲ اور عبد الستار ولد علی مراد کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے ایک دستی بم ، ایک رپیٹر ، 3ٹی ٹی پستول اور مختلف اقسام کی 100گولیاں برآمد کر لی، ایس پی مظہر مشوانی نے بتایا کہ گرفتار ملزم تحسین محسود کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کراچی کے خان زمان گروپ سے ہے ، گرفتار ملزم تحسین سہراب گوٹھ میں جرگوں اور سزاؤں پر عمل کراتا تھا۔

دیگر ملزمان نے کورنگی میں متعدد ڈکیتیوں کا اعتراف کیا ہے،ایس ایچ او گذری اور پولیس پارٹی نے ڈیفنس فیز7 خیابان اتحاد عائشہ مسجد کے قریب سے 2 ملزمان بابر ولد ممتاز الدین اور محمد عمران ولد محمد متین کو گرفتار کر کے ملزمان سے2 کلو گرام چرس ، ایک کلاشنکوف اور ایک پستول برآمد کر لی،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں دوسری کارروائی میں پولیس پارٹی نے ڈیفنس فیز 4 میں ہل ٹاپ چورنگی یوٹیلیٹی اسٹور کے قریب سے گرفتار ملزم بابر کے بھائی فراز کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک دستی بم اور ایک کلو گرام چرس برآمد کر لی، فراز کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔




ملزم رنچھوڑ لائن کا رہائشی ہے، ملزم نے 8 سے زائد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ،بلدیہ ٹاؤن پولیس نے حب ریور روڈ پر مسافر بس میں لوٹ مار کرنے والے شاہد بلوچ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور مسافروں سے چھینے ہوئے موبائل فون ، نقدی اور دیگر سامان برآمد کر لیا، محمود آباد پولیس نے چنیسر گوٹھ میں چھاپہ مار کر ملزم وارث خان کو گرفتار کر لیا ،ملزم محمود آباد اور کلفٹن پولیس کو اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

ڈیفنس پولیس نے فیز ون کالا پل کے قریب سے منشیات فروش گروہ کے4کارندوں عمران ولد شہاب الدین ، محمد شاہد ولد محمد علی ، عمران ولد محمد آفتاب اور محمد فاروق ولد محمد یوسف کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے4کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ،سعود آباد پولیس نے معین آباد ریلوے پھاٹک کے قریب سے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم محمد افسر اور ہوٹل پر چرس فروخت کرنے والے ملزم فہیم خان کو گرفتار کر کے2 پستول اور چرس کی راڈیں برآمد کر لیں جبکہ مقدمات میں ملوث 2 مفرور ملزمان بھی گرفتار کر لیے۔

کھو کھرا پار پولیس نے کے ڈی اے چوک اور ڈی مارکیٹ سے ڈکیتی و اسٹریٹ کرائم میں ملوث علی رضا اور عبد الرحمٰن کو گرفتار کر کے ایک نائن ایم ایم پستول ، ایک ٹی ٹی پستول ، ایک چھینی گئی موٹر سائیکل ، متعدد موبائل فون اور10 تھیلی کچی شراب برآمد کر لی، گرفتار ملزم علی رضا پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے ،مذکورہ پولیس پارٹی نے منشیات کے مقدمات میں 2 جبکہ مفرور اور اشتہاری 2 ملزمان بھی گرفتار کر لیے۔

لانڈھی پولیس نے ٹارگٹ کلر احسن کے علاوہ 5 ڈاکو محمد حسین عرف گڈو ، محمد عالم ، محمد عمران ، سلمان اور حبیب خان کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے5 پستول برآمد کر لیے،گرفتار ملزم احسن نے مارچ 2012 میں پولیس اہلکار فیصل کو قتل جبکہ کانسٹیبل حبیب کو زخمی کیا تھا جبکہ منشیات کے مقدمے میں ایک ملزم کو اور دیگر مقدمات میں مفرور اور اشتہاری 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا،عوامی کالونی پولیس نے مقابلے میں موٹر سائیکل لفٹر و اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث محبوب حسن اور ریحان خان کو گرفتار کر کے ایک نائن ایم ایم ، ایک ٹی ٹی پستول ، چھینی ہوئی موٹر سائیکل اور7 موبائل فون برآمد کر لیے جبکہ2 مفرور ملزمان بھی گرفتار کر لیے۔
Load Next Story