کراچی میں عالمی فٹبالرز ان ایکشن

عالمی شہرت یافتہ فٹبالروں کی آمد سے پاکستان کے نوجوان فٹبالروں میں امید اور جوش پیدا ہوا ہے

عالمی شہرت یافتہ فٹبالروں کی آمد سے پاکستان کے نوجوان فٹبالروں میں امید اور جوش پیدا ہوا ہے . فوٹو : سوشل میڈیا

کراچی میں گزشتہ روز فٹبال کے شائقین نے عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز اور پاکستان کے بہترین فٹبالرز کو ایکشن میں دیکھا۔فٹبال کی دنیا کے یہ مایہ ناز کھلاڑی کراچی کے ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں یورپی طرز کی فٹبال کھیلتے نظر آئے' نمائشی فٹبال میچ میں رونالڈینو اینڈ فرینڈز ٹیم نے گگس سیون کو 2-1 سے شکست دیدی۔


اس میچ کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔گراؤنڈ میں رونالڈ ینو، ریان گگس، جارج بوٹ، ڈیوڈ جیمز نکولس انیلکا اور رابرٹ ہائسز لوئس بوا مورٹی موئے ۔جیسے شہرہ آفاق کھلاڑی ایکشن میں نظر آئے تو کھلاڑیوں نے بھرپور داد دی۔ان کھلاڑیوں کا پاکستان میں آنا اور نمائشی میچ کھیلنا 'بہت بڑی کامیابی اور تاریخی لمحہ ہے'اس سے دنیا بھر میں یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور دہشت گردی پر قابو پا لیا گیا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ فٹبالروں کی آمد سے پاکستان کے نوجوان فٹبالروں میں امید اور جوش پیدا ہوا ہے اور انھیں اپنا مستقبل روشن نظر آنا شروع ہو گیا ہے۔کراچی میں فٹبال کا ٹیلنٹ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے اگر حکومت توجہ دے تو صرف لیاری سے ہی ایسی ٹیم تیار ہو سکتی ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کی نمایندگی کرے۔کراچی میں کھیلے جانے والے نمائشی فٹبال میچ سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں کھیلوں کے میدان عالمی مقابلوں سے آباد ہو جائیں گے۔
Load Next Story