جاپانی کمپنیاں جلد کراچی میں کاروبار شروع کریں گی

90سے زائد کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، محمد حسین سید.

90سے زائد کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، محمد حسین سید۔ فوٹو: فائل

لاہور:
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ جاپان کی90سے زائد کمپنیوں نے کراچی میں سرمایہ کاری اور انڈسٹری لگانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور جلد یہ کمپنیاں کراچی میں اپنا کاروبار شروع کردیں گی جس سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔

یہ بات انھوںنے جاپان کے دورے کے پہلے روز بینک آف ٹوکیو کے زیر اہتمام بین الاقوامی نمائش میں شرکت اور سرمایہ کاروں کو کے ایم سی کے اسٹال کے دورے کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی، انھوں نے کہا کہ ٹوکیو انٹرنیشنل ایکسپو میں جاپان کی 150سے زائد کمپنیاں اور ادارے شرکت کررہے ہیں، پاکستان سے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی نے خصوصی طورپر اپنے اسٹالز لگائے ہیں۔




اس نمائش میں آسیان کے ممبر ممالک ہر سال شرکت کرتے ہیں لیکن اس مرتبہ پاکستان کو بھی خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاکہ بین الاقوامی کمپنیوں اور خصوصاً جاپانی سرمایہ کاروں کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہ کیا جاسکے، انھوںنے کہا کہ کراچی کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ وہ آبادی کے اعتبار دے دنیا کے کئی ممالک سے بڑا شہر ہے جبکہ ایک متوازن اور سال بھر استعمال ہونے والی بندرگاہ بھی موجود ہے، اس شہر کے وسائل ، ضروریات اور مصنوعات کی کھپت پاکستان کے دوسرے شہروں سے کہیں زیادہ ہے۔
Load Next Story