کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھی جائیگی پیپلزپارٹی

کسی مظلوم قوم کی آزادی کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے نہیں دبایا جاسکتا،رہنما.

کسی مظلوم قوم کی آزادی کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے نہیں دبایا جاسکتا،رہنما۔ فوٹو : فائل

لاہور:
پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور وہاں کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے رہنمائوں سینیٹر سعید غنی ،نجمی عالم ،قاضی بشیر ایڈوکیٹ اور دیگر نے منگل کو پیپلزسیکریٹریٹ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کراچی ڈویژن کے تحت منعقد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ان رہنمائوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی آواز کو بھارت طاقت کے بل بوتے پر زیادہ دیر تک دباکر نہیں رکھ سکتا ہے۔




ان رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کے لیے پرامن جدوجہد کررہے ہیں لیکن بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم و جبر کی انتہا کردی ہے اور بے گناہ کشمیری عوام کے ساتھ زیادتیاں کی جارہی ہیں لیکن تاریخ گواہ ہے کہ کسی مظلوم قوم کی آزادی کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے نہیں دبایا جاسکتا،ان رہنمائوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں فتح حاصل کرلیں گے اور کشمیر کا مسئلہ وہاں کے عوام کی منشا کے مطابق حل ہوجائے گا۔

ان رہنمائوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کشمیر کے مسئلے کے لیے آواز بلند کی ہے اورآئندہ بھی کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھی جائے گی،ان رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ سمیت دنیا کے تمام ممالک کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں اور کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلائی جائے ۔
Load Next Story