وزیراعظم سے چوہدری برادران کی ملاقات سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا طے پاگیا

پیپلز پارٹی اور ق لیگ آئندہ اکٹھے الیکشن لڑیں گی،راجاپرویز

شواہد نہ ہونے سے مجرم عدالتوں سے رہا ہوجاتے ہیں،جدید طریقہ تفتیش اپنانا ہوگا،وزیر اعظم، پولیس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب فوٹو: فائل

وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کی قیادت کے ساتھ موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر مشاورت کی ہے۔

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین، نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی نے بدھ کو وزیر اعظمسے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان آئندہ انتخابات کے لیے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا طے پا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے صدر مملکت کی ہدایات پر مسلم لیگ (ق) کے بیشتر تحفظات دور کردیے ہیں۔ بلوچستان میں حکومت سازی پر چوہدری برادران نے وزیر اعظم سے تبادلہ خیال کیا، چوہدری شجاعت حسین نے گورنر راج کے خاتمے اور بلوچستان حکومت کی بحالی کے لیے وزیر اعظم کے سامنے تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعظم نے اس موقف کو دہرایا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) آئندہ انتخابات اکٹھے لڑیں گی اور ہم اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔

دریں اثنا وزیر اعظم نے کابینہ کے ارکان خورشید شاہ، میاں منظور احمد وٹو، قمر زمان کائرہ، نذر گوندل اور رانا فاروق سعید خان کے ساتھ طویل مشاورت کی، سیاسی جماعتوں کی طرف سے الیکشن کمیشن کی تحلیل کے مطالبات، نگراں سیٹ اپ اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔




مزید براں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شواہد نہ ہونے کے باعث مجرم عدالتوں سے رہا ہوجاتے ہیں، مجرموں کو سزا دلانے کیلیے جدید طریقہ تفتیش اپنانا ہوگا، دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت سے نمٹنے کیلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین وسیع تر تعاون اور باہمی رابطے کی ضرورت ہے۔

نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو ہونی چاہیے ، کمیشن کے 3 ارکان فیصلہ کرتے ہیں جو من مانی کر رہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ہمیں چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم پر اعتماد ہے تاہم الیکشن کمیشن کے ارکان کی دوبارہ تعیناتی ہونی چاہیے۔

Recommended Stories

Load Next Story