سی پیک میں حائل رکاوٹوں سے مل کر نمٹیں گے بھارت پاک چین دوستی کیخلاف سازش کررہا ہے

سی پیک پورے خطے کیلیے گیم چینجر بن چکا، بھارت کی جانب سے مخالفت سے پورے خطے کو نقصان پہنچا، تہمینہ جنجوعہ

راہداری منصوبہ پورے خطے کی جیت اور دونوں ملکوں کی مثالی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، قائم مقام چینی سفیر کا فورم سے خطاب فوٹو: رائٹرز

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ پورے خطے کیلیے گیم چینجر کی حیثیت اختیار کر چکاہے۔

پاکستان پرامن اور دیرپا ترقی پر یقین رکھتا ہے، بھارت کی جانب سے سی پیک کی کھلی مخالفت کی جا رہی ہے جس سے پورے خطے کو نقصان پہنچا تاہم پاکستان اور چین دونوں سی پیک میں درپیش چیلنجز سے واقف اور ہر قسم کی مشکلات سے نمٹنے کیلیے تیار ہیں۔


پاکستان کونسل آف چائنا کے زیراہتمام چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت اوردرپیش چیلنجز کے حوالے سے سالانہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت پاک چین دوستی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، تمام رکاوٹوں کے باوجود سی پیک کومقررہ وقت میں مکمل کریں گے، پاکستان کی معاشی ترقی کا وژن 2025 میں واضح طورپرذکرکیاگیاہے جس کے تحت علاقائی تجارت اورمعاشی تعاون اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان قدرتی آپشن ہے۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے خطے میں باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے پاکستان اورچین کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے چین کے قائم مقام سفیرلی جیان ژائونے کہاکہ چین اورپاکستان کے درمیان معاشی راہداری پورے خطے کیلیے جیت ہے، یہ منصوبہ دونوں ملکوں کی مثالی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جیسے پاکستان نے ہرمشکل وقت میں چین کاساتھ دیا ویسے ہی چین ہمیشہ پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑارہے گا۔ پاکستان کونسل آف چائنا کے صدر انعام الحق نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی دوطرفہ ہے، کونسل کامقصددونوں ممالک کے درمیان تعلقات کومزیدفروغ دینا ہے، سی پیک خطے میں معاشی ترقی کی ایک بنیاد ہے جس کے تحت خطے کے تمام ممالک یکساں مستفید ہوں گے۔
Load Next Story